مافیا راج ختم کر کے ڈبل انجن حکومت تبدیلی لائے گی: وزیر اعلی یوگی
بارابنی (مغربی بنگال)، 16 اپریل (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے مغربی بنگال کے بارابنی اسمبلی حلقہ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ٹی ایم سی کے کارکن بی جے پی حامیوں کو ہراساں کر رہے ہیں اور جمہوری ماحول کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مسٹر یوگی نے کہا کہ بنگال کے عوام کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ بی جے پی یہاں سے ٹی ایم سی کا "صفایا" کر دے گی۔ بنگال کی تاریخی اور ثقافتی وراثت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سرزمین صدیوں سے ملک کو ترغیب دیتی آئی ہے۔ انہوں نے رابندر ناتھ ٹیگور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسی زمین نے ملک کو 'جن گن من' جیسا قومی ترانہ دیا۔ ساتھ ہی 'وندے ماترم' کے 150 سال مکمل ہونے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اسے تحریکِ آزادی کا سرچشمہ قرار دیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے سوامی وویکانند، سبھاش چندر بوس اور اروندو گھوش جیسی عظیم شخصیات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ بنگال نے ملک کو قوم پرستی اور قربانی کا سبق دیا ہے۔
انہوں نے شیاما پرساد مکھرجی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے 'ایک ملک، ایک قانون' کے خواب کو وزیر اعظم مودی کی قیادت میں شرمندہ تعبیر کیا گیا ہے۔ مسٹر یوگی نے کہا کہ کشمیر سے دفعہ 370 ہٹنے کے بعد اب وہاں بھی وہی قانون لاگو ہے جو ملک کی دیگر ریاستوں میں ہے۔
ٹی ایم سی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعلی یوگی نے الزام لگایا کہ ریاست میں "ٹیرر (خوف)، مافیا راج اور کٹ منی کرپشن" کا دور دورہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت ریت مافیا، کول مافیا اور لینڈ مافیا کو ختم کرنے کا عزم کر چکی ہے۔ اتر پردیش کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نو سال پہلے وہاں بھی حالات ایسے ہی تھے، لیکن آج "نہ دنگا ہے، نہ کرفیو، یو پی میں سب چنگا (بہتر) ہے۔"
انہوں نے اپنے 'بلڈوزر ماڈل' کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مافیا راج ختم ہوا ہے اور غریبوں کے لیے مکانات بنائے جا رہے ہیں۔ رام مندر کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے مسٹر یوگی نے کہا کہ ایودھیا میں عظیم الشان مندر بن چکا ہے اور یہ صرف مودی حکومت کی وابستگی سے ہی ممکن ہوا۔
آخر میں انہوں نے بنگال کے عوام سے اپیل کی کہ ریاست کو ترقی کی راہ پر لانے کے لیے "ڈبل انجن حکومت" ضروری ہے۔ انہوں نے بھروسہ دلایا کہ بی جے پی کی حکومت بننے پر ریاست میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی اور ترقی کو رفتار ملے گی۔