جھارکھنڈ کی سورن ریکھا ندی میں پھر ملا 200 کلو وزنی میزائل بم، فوج طلب، علاقے میں سنسنی
جھارکھنڈ کے مشرقی سنگھ بھوم ضلع کے بہراگوڑا تھانہ علاقے میں واقع سورن ریکھا ندی میں ایک بار پھر کافی بڑا میزائل بم ملنے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ جمعرات کو پانی پوڑا علاقے میں مچھلی پکڑنے گئے گاؤں والوں نے ندی کے درمیان مشکوک چیز دیکھی۔ انہوں نے قریب جاکر معائنہ کیا تو انہیں شبہ ہوا کہ یہ کوئی دھماکہ خیز ڈیوائس ہو سکتی ہے۔ گاؤں والوں نے فوری طور پر بہراگوڑا پولیس اسٹیشن کو اطلاع دی۔ خبر پاکر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور علاقے کے لوگوں کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔ اس کے ساتھ ہی معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔
گاؤں والوں کے مطابق ندی میں ملنے والے میزائل بم کا وزن 200 کلو گرام سے زیادہ ہوسکتا ہے۔ وہیں اتنی بڑی دھماکہ خیز مواد جیسی چیز ملنے کی خبر سے گاؤں اور اطراف میں افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ مقامی لوگوں نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے فوری طور پر دوری اختیار کرلی۔ وہیں اطلاع پاکر موقع پر پہنچی پولیس نے علاقے کی سیکورٹی بڑھا دی۔ گاؤں والوں کے مطابق اس علاقے میں بم ملنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل بھی سورن ریکھا ندی کے کنارے 2 میزائل بم ملے تھے جنہیں ہندوستانی فوج کی بم ڈسپوزل ٹیم نے کامیابی سے ناکارہ بنا دیا تھا۔مقامی لوگ یہ بھی بتاتے ہیں کہ ایسے پرانے بم اکثر ندی کے کنارے ریت کھودتے ہوئے نکل آتے ہیں۔ اس طرح کے واقعات کے بار بار ہونے سے علاقے میں سیکورٹی کی صورتحال پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ تاہم حفاظتی وجوہات کی بناء پر ندی کے آس پاس کے علاقے کو خالی کرایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔ انتظامیہ نے اس پورے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوج اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو اطلاع دینے کی کارروائی شروع کردی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ماہرین کے پہنچنے کے بعد ہی یہ واضح ہو سکے گا کہ یہ میزائل بم کس حالت میں ہے اور اسے کیسے ناکارہ بنایا جائے گا۔
دریں اثناء مسلسل تیسری بار میزائل بم ملنے سے مقامی لوگوں میں دہشت کا ماحول ہے۔ لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پورے علاقے کی مکمل چھان بین کر کے ایسی خطرناک باقیات کو مکمل طور پر ہٹایا جائے تاکہ مستقبل میں کسی بڑے حادثات سے بچا جا سکے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے 17-18 مارچ کو سورن ریکھا ندی کے کنارے ریت کھودتے وقت ملا تھا۔ اسے فوج نے کامیابی کے ساتھ ناکارہ بنا دیا تھا۔ وہیں دوسرا بم چند دن بعد پھر ملا تھا۔ اسے بھی ہندوستانی فوج اور بم ڈسپوزل ٹیم نے کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے ناکارہ بنا دیا تھا۔ تیسرا بم 16 اپریل 2026 کو بہرا گوڑا تھانہ حلقے کے پانی پوڑا میں مچھلی پکڑنے گئے گاؤں والوں کو ملا۔ یہ تقریباً 200-227 کلو وزنی بتایا جارہا ہے۔ حالانکہ اسے بھی ناکارہ کرنے کے لیے فوج کی ٹیم بلائی گئی ہے۔