غزہ، 15 اپریل (یو این آئی) غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایک تین سالہ بچے سمیت کم از کم 10 افراد شہید ہوگئے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ غزہ سٹی میں ایک پولیس گاڑی کو نشانہ بنانے والے حملے میں چار افراد شہید ہوئے، جن میں تین سالہ بچہ بھی شامل ہے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ غزہ کے الشفا اسپتال نے شہادتوں کی تصدیق کرتے ہوئے لاشیں موصول ہونے کی اطلاع دی ہے۔
اسرائیلی فوج نے واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کی تفصیلات کا جائزہ لے رہی ہے۔ غزہ کی وزارت داخلہ کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے شہر کے مرکز میں پولیس گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔ بیت لاحیہ کے علاقے میں بھی اسرائیلی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایک مسلح شخص کو نشانہ بنایا جو ان کی پوزیشن کے قریب آ رہا تھا، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا یہ دونوں واقعات ایک ہی ہیں یا نہیں۔
واضح رہے کہ 10 اکتوبر کو نافذ ہونے والی جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے بعد اب تک کم از کم 757 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ اقوام متحدہ بھی ان اعداد و شمار کو قابل اعتبار قرار دیتا ہے۔