کولکاتا، 15 اپریل (یواین آئی) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے منگل کو بنگالی نئے سال کے موقع پر اپنے پیغام میں مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی اور ریاست میں جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔
انہوں نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں ووٹ کے ذریعے اس کا جواب دیں۔ پوئیلا بویشاکھ کے موقع پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے بنگال کی ثقافتی اور سماجی وراثت کا ذکر کرتے ہوئے ریاست بھر کے عوام کو مبارکباد دی۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے 'ایکس' ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہاکہ "میں دل کی گہرائیوں سے ریاست کے کونے کونے میں رہنے والے لوگوں کو بنگالی نئے سال کی دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ نئے دور کی یہ نئی صبح آپ سب کی زندگی کو پاکیزہ بنائے اور ہر روح کو طہارت سے بھر دے۔"
بنگال کی یکجہتی کی روایت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ "جس طرح ہمارا بنگال فن اور ثقافت کا گہوارہ ہے، اسی طرح یہ تمام مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کا بھی مرکز ہے۔"
انہوں نے لوگوں سے اختلافات سے اوپر اٹھ کر متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ "آج اس مبارک دن پر آئیے ہم سب عہد کریں کہ تمام تنگ نظریوں کی دیواریں توڑ کر ایک ساتھ آگے بڑھیں گے۔"
تاہم اپنے ہم آہنگی کے پیغام کے ساتھ ساتھ ممتا بنرجی نے مرکز پر سخت سیاسی حملہ بھی کیا۔ اقتدار کے غلط استعمال اور مداخلت کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ "کچھ بدنیتی پر مبنی طاقتیں بنگال کو بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہیں۔ دہلی کے 'ٹھیکیدار' لوگوں کے ووٹ دینے کے حق کو چھین رہے ہیں۔ یاد رکھیں، ہمیں انہیں جمہوری طریقے سے جواب دینا ہوگا۔"
انہوں نے الزام لگایا کہ ووٹروں کو ڈرانے اور جمہوری اداروں کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور ریاست کو نشانہ بنانے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ووٹر لسٹ کے خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) پر بھی تشویش ظاہر کی اور ان معاملات کا ذکر کیا جہاں مبینہ طور پر نام حذف کر دیے گئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ "اس عمل کا خاندانوں پر گہرا اثر پڑ رہا ہے، ایک ہی خاندان میں کسی کا نام فہرست میں ہے اور کسی کا نہیں، یہ درست صورتحال نہیں ہو سکتی۔ ہماری حکومت نے کئی حذف شدہ ناموں کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور باقی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔"
جمہوریت میں انتخابات کو بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے انہوں نے شہریوں سے اس عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہاکہ "کوئی بھی تقسیم پیدا کرنے والی یا آمرانہ طاقت ہماری امن، بھائی چارے اور خیرسگالی کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔"
آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل ووٹروں سے براہ راست اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ "اپنے جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے جوڑا پھول (آل انڈیا ترنمول کانگریس کا انتخابی نشان) کے حق میں ووٹ دیں اور پارٹی کے تمام امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔"