Jadid Khabar

بسوں پر نہیں، وزیر کے بدعنوانیوں پر چلے بلڈوزر: اکھلیش

Thumb

لکھنؤ،  7 اپریل (یو این آئی) اتر پردیش کے محکمہ ٹرانسپورٹ میں بسیں چلائے بغیر ہی ڈرائیوروں کے ذریعے تنخواہ لینے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے یوگی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو بسوں پر "بلڈوزر" چلانے کا ناٹک کرنے کے بجائے اسے وزیر کی بدعنوانیوں پر چلانا چاہیے۔
مسٹر یادو نے منگل کو 'ایکس' پر لکھا کہ سب جانتے ہیں بلڈوزر نہیں چلے گا کیونکہ اس گورکھ دھندے کا سب سے بڑا حصہ تو 'اصل عطیہ بکس' میں ہی جاتا ہے، اسی لیے وزیر پر ان کی 'نظرِ کرم' آمدنی کے تناسب سے برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف گرمیوں کی چھٹیوں میں عوام آمد و رفت کے لیے پریشان ہے اور دوسری طرف بی جے پی کے لوگ اور ان کے ساتھی محکمہ ٹرانسپورٹ کے پہیے کھول کر بیچنے میں لگے ہوئے ہیں۔ یہی وہ وجہ ہے جس کی وجہ سے یوپی کی ترقی کی گاڑی بی جے پی کی بدعنوانی سے بھری سڑک میں دھنس کر مکمل طور پر رک گئی ہے۔
اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ ٹریفک اور آمد و رفت کے نظام میں رکاوٹ براہ راست معیشت پر اثر ڈالتی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے لوگ ٹریلین ڈالر کی معیشت نہیں بلکہ ٹریلین ڈالر کا اپنا ذاتی نظام بنانے میں مصروف ہیں۔ بی جے پی کو عام عوام سے نہ کوئی مطلب تھا، نہ ہے اور نہ کبھی رہے گا۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جائے گی تبھی بس چل پائے گی، لیکن فکر نہ کریں برے دن جانے والے ہیں۔
واضح رہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ میں بدعنوانی کے حوالے سے ایک بڑا انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے مطابق 1671 ڈرائیور ایسے پائے گئے ہیں جو بس چلائے بغیر ہی تنخواہ لے رہے ہیں، جبکہ تقریباً 50 فیصد ڈرائیوروں کا ریکارڈ 'زیرو کلومیٹر' درج ہوا ہے۔ فی الحال اس پورے معاملے پر حکومت یا محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔