Jadid Khabar

تاریخی 'موہرا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ' کو دوبارہ فعال کرنے کی منصوبہ بندی : عمر عبداللہ

Thumb

سری نگر،6 اپریل (یو این آئی)

جموں و کشمیر کی حکومت ملک کے قدیم ترین پن بجلی منصوبوں میں سے ایک، موہرا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو دوبارہ فعال بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ یہ منصوبہ ضلع بارہمولہ میں لائن آف کنٹرول کے قریب واقع ہے۔ 


وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے اسمبلی کو بتایا کہ جموں اینڈ کشمیراسٹیٹ پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن  کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 10.5 میگاواٹ کے اس منصوبے کی بحالی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ یہ پاور ہاؤس 1990 کی دہائی کے اوائل سے بند پڑا ہے۔ 


انہوں نے کہا کہ 9 فروری کو ہونے والی میٹنگ میں بورڈ نے منصوبے کی مرمت، جدید کاری ۔ اور اپ گریڈیشن پر غور کیا اور اسے آگے بڑھانے کے لیے تجاویز منظور کیں۔ اس کے تحت اقتصادی امور کے محکمے کے ساتھ مل کر ماہر کمپنیوں میں سے ایک ٹرانزیکشن ایڈوائزر مقرر کیا جائے گا۔ 


وزیرِ اعلیٰ کے مطابق بورڈ نے منیجنگ ڈائریکٹر کو یہ اختیار بھی دیا ہے کہ وہ منصوبے کی شرائط طے کریں، جانچ کا نظام تیار کریں اور ٹینڈر کمیٹی بنا کر عمل کو مکمل کریں۔ اس حوالے سے ابتدائی کارروائی شروع بھی کر دی گئی ہے۔ 


یہ منصوبہ 1902 میں شروع کیا گیا تھا اور اُڑی سیکٹر کے بونیار علاقے میں دریا کے بہاؤ پر مبنی ۔نظام کے تحت بنایا گیا تھا۔ ایک وقت میں یہ پورے جموں و کشمیر میں بجلی کی فراہمی کا اہم ذریعہ تھا، جس کی ابتدائی پیداوار 9 میگاواٹ تھی۔