Jadid Khabar

سپریم کورٹ نے جے اے ایل کے لیے اڈانی کے ریزولیوشن پلان پر روک لگانے سے کیا انکار

Thumb

نئی دہلی، 6 اپریل (یو این آئی) سپریم کورٹ نے پیر کو ویدانتا لمیٹڈ کی اس درخواست کو قبول کرنے سے انکار کر دیا جس میں جے پرکاش ایسوسی ایٹس لمیٹڈ (جے اے ایل ) کے لیے اڈانی انٹرپرائزز کے ریزولیوشن پلان پر عمل درآمد روکنے کی استدعا کی گئی تھی۔

چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت اور جسٹس جوئے مالیا باگچی پر مشتمل بنچ نے مداخلت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کمپنی لاء اپیلٹ ٹربیونل (این سی ایل اے ٹی ) نے ویدانتا کی اپیل 10 اپریل کو سماعت کے لیے مقرر کر رکھی ہے۔ ویدانتا کا موقف ہے کہ اس کی زیادہ مالیت کی بولی پر مناسب طریقے سے غور نہیں کیا گیا، جو انسولوینسی اینڈ بینکرپسی کوڈ کے تحت 'ویلیو میکسمائزیشن' (قدر میں اضافے) کے مقصد کی خلاف ورزی ہے۔

24 مارچ 2026 کو،این سی ایل اے ٹی  نے عبوری ریلیف دینے سے انکار کر دیا تھا اور ریزولیوشن پلان پر عمل درآمد جاری رکھنے کی اجازت دی تھی، تاہم یہ واضح کیا تھا کہ یہ عمل اپیل کے حتمی فیصلے کے تابع رہے گا۔ ویدانتا نے اب اس انکار کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ جے پرکاش ایسوسی ایٹس لمیٹڈ کو متعدد اثاثوں کی فروخت کے باوجود طویل مالی دباؤ کے بعد آئی سی آئی سی آئی  بینک کی جانب سے دائر درخواست پر جون 2024 میں دیوالیہ قرار دیا گیا تھا۔ جس کے بعد کارپوریٹ انسولوینسی ریزولیوشن پروسیس (سی آئی آر پی ) شروع کیا گیا تھا۔

سی آئی آر پی کے دوران، ویدانتا نے تقریباً 17,000 کروڑ روپے کی بولی جمع کرائی تھی۔ تاہم، قرض دہندگان کی کمیٹی (سی او سی ) نے اڈانی انٹرپرائزز کے ریزولیوشن پلان کی منظوری دی جس کی مالیت تقریباً 15,000 کروڑ روپے ہے، اور اس فیصلے کی وجہ کل مالیت کم ہونے کے باوجود فوری ادائیگی کی بہتر شرائط بتائی گئی ہیں۔