لکھنؤ:9 مارچ (یواین آئی) اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اضلاع کے انتظامی اور پولیس افسران کو ہدایت دی ہے کہ عوام کے ہر مسئلے کو مقررہ مدت کے اندر حل کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے پیر کو'جنتا درشن' پروگرام منعقد کیا جس میں ریاست کے مختلف حصوں سے آئے لوگوں کی شکایات خود سنیں۔ انہوں نے درخواستیں وصول کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت ہر جائز مسئلے کے حل کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ بے فکر ہو کر اپنے گھروں کو واپس جائیں کیونکہ ان کے مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا۔
جنتا درشن کے دوران دو صنعت کاروں نے بھی وزیر اعلیٰ کے سامنے اپنی مشکلات پیش کیں۔ درخواستیں وصول کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں، خاص طور پر اتر پردیش اسٹیٹ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (یو پی ایس آئی ڈی اے) اور ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ معاملات کو مقررہ وقت میں حل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں سرمایہ کاری کے لیے ایک بہترین ماحول تیار کیا گیا ہے اور حکومت نے سنگل ونڈو سسٹم سمیت کئی شفاف نظام نافذ کیے ہیں۔
انہوں نے واضح ہدایت دی کہ صنعت کاروں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور سرمایہ کاری و صنعتی ترقی کے معاملات میں کسی بھی طرح کی تاخیر یا لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کاس گنج کے ایک شکایت کنندہ نے پولیس کارروائی میں تاخیر کا مسئلہ اٹھایا، جس پر وزیر اعلیٰ نے متعلقہ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو معاملے کا نوٹس لینے اور جلد از جلد کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
اسی دوران خاندانی تنازع سے متعلق ایک معاملہ بھی پیش کیا گیا۔ غیر قانونی قبضے کی شکایت پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایسے معاملات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون کے مطابق فوری کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر کچھ بچے بھی اپنے والدین کے ساتھ جنتا درشن میں آئے تھے۔
وزیر اعلیٰ نے بچوں کو چاکلیٹ دی اور ان کی پڑھائی کے بارے میں دریافت کیا۔ ایک بچے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے نصیحت کی'کتابیں پڑھو، سوشل میڈیا کا استعمال صرف ضرورت کے مطابق کرو کیونکہ اس کا زیادہ استعمال نقصان دہ ہو سکتا ہے'۔وزیر اعلیٰ نے بچوں کو موبائل فون اور دیگر آلات کا کم سے کم استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔