Jadid Khabar

مغربی ایشیا کے بحران میں شدت، شیئر بازار کے اہم اشاریوں میں بڑی گراوٹ

Thumb

ممبئی، 9 مارچ (یو این آئی) مغربی ایشیا میں جاری بحران کے مزید سنگین ہونے سے پیر کے روز مقامی شیئر بازاروں میں بڑی گراوٹ دیکھی گئی اور اہم اشاریوں میں تقریباً تین فیصد تک گراوٹ درج کی گئی۔
ایران نے امریکی فوجی اڈوں والے دیگر مغربی ایشیائی ممالک پر اپنے حملے تیز کر دیے ہیں۔ اس کے نتیجے میں تمام ایشیائی شیئر بازاروں کے ساتھ ساتھ ہندوستانی بازارِ حصص میں بھی بڑی مندی دیکھی گئی، بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 20 فیصد سے زیادہ بڑھ گئی اور ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 51 پیسے گر گیا۔
بی ایس ای کا حساس انڈیکس سینسیکس 1,862.15 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 77,056.75 پر کھلا۔ خبر لکھے جانے تک یہ 2,241.23 پوائنٹس (2.84 فیصد) کی گراوٹ کے بعد 76,677.67 کی سطح پر تھا۔ کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر یہ 2,496 پوائنٹس تک نیچے گر گیا تھا۔
نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی-50 انڈیکس بھی 582.40 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 23,868.05 کی سطح پر کھلا۔ خبر لکھے جانے تک یہ 682.65 پوائنٹس یعنی 2.79 فیصد نیچے 23,767.80 پر آ گیا تھا۔
خام تیل کی ترسیل میں رکاوٹ آنے کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں آج برینٹ کروڈ کی قیمت 20 فیصد سے زائد کے اضافے کے ساتھ 160 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے۔ادھر روپیہ فی الحال 51 پیسے کی کمی کے ساتھ 92.33 روپے فی ڈالر کی سطح پر ہے۔