نئی دہلی، 20 فروری (یو این آئی) سپریم کورٹ نے جمعہ کو اس مفادِ عامہ کی درخواست (پی آئی ایل) کو مسترد کر دیا، جس میں حکام کو یہ ہدایت دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا کہ ہندوستان میں کہیں بھی بابر یا بابری مسجد کے نام پر کسی بھی مسجد کی تعمیر یا نام رکھنے کی اجازت نہ دی جائے۔
جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا پر مشتمل بنچ نے اس معاملے پر غور کرنے سے انکار کر دیا۔ درخواست گزار نے بابر کو 'حملہ آور' قرار دیتے ہوئے یہ دلیل دی تھی کہ اس کے نام پر کسی بھی مسجد کی تعمیر یا نام منسوب نہیں کیا جانا چاہیے۔
چونکہ عدالتِ عظمیٰ نے اس درخواست کو قبول کرنے سے منع کر دیا، اس لیے درخواست گزار نے اپنی پٹیشن واپس لے لی۔ اس کے بعد بنچ نے باضابطہ طور پر درخواست خارج کر دی۔