Jadid Khabar

موجودہ حکومت ریاست کے مضبوط صحت کے بنیادی ڈھانچے کو برقرار رکھنے میں ناکام ہے: گہلوت

Thumb

جے پور، 19 فروری (یو این آئی) اشوک گہلوت نے ریاستی حکومت پر  صحت کے ڈھانچے کے صحیح طریقے سے بندوبست نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ جے پور میں ریاست کے سب سے بڑے سوائی مان سنگھ اسپتال کے ٹراما سینٹر اور آئی سی یو کی چھتیں ٹپک رہی ہیں، پانی بھر رہا ہے اور مریضوں کے آپریشن تک ملتوی کرنے پڑ رہے ہیں۔ 


گہلوت نے جمعرات کے روز اپنے بیان میں کہا کہ ایک وقت تھا جب 'چرنجیوی یوجنا' اور 'رائٹ ٹو ہیلتھ' (آر ٹی ایچ) کی بدولت ہمارا راجستھان ہیلتھ ماڈل پورے ملک میں ایک مثال سمجھا جاتا تھا۔ ہمارا وژن ریاست کے ہر شہری کو بہترین اور مفت علاج فراہم کرنا تھا لیکن آج یہ دیکھ کر انتہائی افسوس ہوتا ہے کہ ایس ایم ایس اسپتال کے ٹراما سینٹر اور آئی سی یو کی چھتیں ٹپک رہی ہیں، پانی بھر رہا ہے اور مریضوں کے آپریشن تک ملتوی کرنے پڑ رہے ہیں۔ حد تو تب ہوگئی جب بی جے پی حکومت نے اسمبلی میں اس حقیقت سے ہی انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی کمزوریوں پر پردہ ڈالنا نہایت بدقسمتی کی بات ہے۔ 


انہوں نے کہا، ''وزیر اعلیٰ اسٹیج سے دو سال بمقابلہ پانچ سال کا دعویٰ کرتے نہیں تھکتے لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہماری حکومت کے وژن سے قائم اس مضبوط ہیلتھ انفراسٹرکچر کو موجودہ حکومت سنبھال بھی نہیں پا رہی۔ جو حکومت اسپتال میں مریضوں کی حفاظت یقینی نہیں بنا سکتی، اس کے اچھی حکمرانی کے دعووں کی قلعی ایس ایم ایس اسپتال کی تصاویر نے کھول دی ہے۔''