Jadid Khabar

جھارکھنڈ کے ہزاری باغ میں جنگلی ہاتھیوں کا حملہ، ایک ہی خاندان کے 4 افراد سمیت 6 ہلاک

Thumb

جھارکھنڈ کے ہزاری باغ ضلع کے چورچو بلاک کے گوندوار گاؤں میں جمعرات کی دیر رات جنگلی ہاتھیوں کے ایک جھنڈ نے حملہ کر کے 6 افراد کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک شدگان میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد بھی شامل ہیں۔ اس واقعہ کے بعد پورے گاؤں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں میں کہرام مچا ہوا ہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق رات تقریباً ایک سے دو بجے کے درمیان پانچ ہاتھی اچانک گاؤں میں داخل ہو گئے۔ اس وقت زیادہ تر لوگ گہری نیند میں تھے۔ ہاتھیوں نے کچے مکانات کو نشانہ بنایا اور گھروں کی دیواریں اور دروازے توڑ ڈالے۔ اچانک ہوئے اس حملے سے گاؤں میں افراتفری مچ گئی اور لوگ جان بچانے کے لیے گھروں سے باہر نکل کر بھاگنے لگے۔ اسی دوران ہاتھیوں نے 6 افراد کو کچل دیا۔
ہلاک ہونے والوں کی شناخت سورج بھوئیاں (55)، ان کی پوت بہو سمن دیوی (25)، سمن کے دو کمسن بچوں، منگرا بھوئیاں (58) اور دھنیشر رام (تقریباً 55) کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سورج بھوئیاں کا پورا خاندان ایک ہی گھر میں سو رہا تھا اور حملے کے دوران انہیں باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔
واقعہ کے دوران گاؤں والوں نے ڈھول اور برتن بجا کر، ٹارچ کی روشنی ڈال کر اور شور مچا کر ہاتھیوں کو بھگانے کی کوشش کی لیکن جھنڈ کافی دیر تک گاؤں میں موجود رہا اور نقصان پہنچاتا رہا۔ کافی کوششوں کے بعد ہاتھی واپس جنگل کی سمت چلے گئے۔ اس کے بعد گاؤں میں چیخ و پکار اور غم کا ماحول چھا گیا۔
اطلاع ملنے پر جمعہ کی صبح انتظامیہ، پولیس اور محکمہ جنگلات کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ محکمہ جنگلات کے حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں ہاتھیوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جا رہی ہے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جھارکھنڈ میں انسان اور ہاتھی کے درمیان تصادم کے واقعات میں حالیہ دنوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ گزشتہ تقریباً پینتالیس دنوں کے دوران ریاست میں ہاتھیوں کے حملوں میں بیس سے زیادہ افراد جان گنوا چکے ہیں۔