Jadid Khabar

سپریم کورٹ نے بہار اسمبلی انتخابات کو چیلنج کرنے والی جن سُراج پارٹی کی عرضی پر سماعت سے انکار کیا

Thumb

نئی دہلی، 6 فروری (یو این آئی) سپریم کورٹ نے جمعہ کو پرشانت کشور کی قیادت والی جن سُراج پارٹی کی طرف سے بہار اسمبلی انتخابات 2025 کو چیلنج کرنے والی ایک رٹ درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا، جس میں انہوں نے ریاست میں  از سرنو انتخابات کرانے کی ہدایت مانگ کی  تھی۔
جب بنچ نے اس معاملے کی سماعت سے ہچکچاہٹ کا اظہار کیا تو درخواست گزار نے درخواست واپس لینے اور ہائی کورٹ میں اپیل کرنے کی آزادی مانگی۔ انہیں یہ آزادی دیتے ہوئے چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوئے مالیا باغچی پر مشتمل بنچ نے درخواست کو واپس لینے کے طور پر خارج کردیا۔
یہ رٹ پٹیشن آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت دائر کی گئی تھی جس میں دیگر باتوں  کے علاوہ ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کے نافذ رہنے کے دوران مکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا کے  تحت مستفیدین  کی تعداد بڑھا نے اور خواتین ووٹرز کو 10,000 روپے کی براہ راست نقد رقم کی منتقلی کو چیلنج کیا گیا تھا۔
درخواست میں الزام لگایا گیا کہ اس طرح کے منتقلی بدعنوانی کے مترادف ہے اور انتخابات کی شفافیت کو متاثر کرتی ہے۔ شروع میں جسٹس باغچی نے پوچھا کہ عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 100 کی کس شق کے تحت پورے اسمبلی انتخابات کو منسوخ کیا جا سکتا ہے۔ 
سینئر وکیل چندر ادے سنگھ نے عرضی گزار کی  نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ پہلے سے ہی دیگر زیر التوا مقدمات میں "مفت مدد" کے معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور دلیل دی کہ بجٹ حمایت کے بغیر مالی طور پر پریشان ریاست میں بڑے پیمانے پر نقد رقم کی منتقلی آزاد اور منصفانہ انتخابات میں رکاوٹ ہوتی ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ رٹ پٹیشن ایک جامع الیکشن پٹیشن ہے جس میں پورے الیکشن کو کالعدم قرار دینے کے لیے ایک جامع حکم کی مانگ کی گئی ہے۔
عدالت نے کہا کہ بدعنوانی کے الزامات کا تعلق انفرادی امیدواروں اور حلقوں سے ہونا چاہیے اور مناسب علاج عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت انتخابی درخواستیں دائر کرنا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے دلیل دی کہ کیش ٹرانسفر اسکیم کا اعلان انتخابات سے عین قبل کیا گیا تھا اور مناسب جانچ کے بغیر اسے  1.56 کروڑ سے زیادہ خواتین تک پھیلا دیا گیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ رٹ پٹیشن میں اس اسکیم کو چیلنج کرنے والی کوئی خاص درخواست  نہیں کی گئی ہے بلکہ اس میں پورے انتخابات کو کالعدم قرار دینے کی مانگ کی گئی ہے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ انتخابی نامنظوری کو سیاسی بحالی کے لیے عدالتی پلیٹ فارم نہیں بنایا جا سکتا اور کہا کہ اگر لوگ  کسی جماعت کو مسترد کر دیں تو مقبولیت کے لیے عدالتوں سے رجوع کرنا درست طریقہ نہیں ہے۔
بنچ نے واضح کیا کہ اگرچہ دیگر زیر التوا معاملات میں  "مفت تحائف" کے معاملے کی سنجیدگی سے جانچ کی جا رہی ہے، لیکن وہ انتخابات میں ہارنے والی اور  پورے انتخابی عمل کو منسوخ کرنے کی مانگ کرنے والی پارٹی کے کہنے پر ایسا نہیں کرے گی۔
سپریم کورٹ نے یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ اٹھایا گیا مسئلہ کل ہند نوعیت کا نہیں ہے، درخواست گزار کو ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا۔