واشنگٹن، 6 فروری (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ گزشتہ سال 2025 میں انہوں نے تین ایٹمی جنگیں رکوائیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ امریکہ دنیا کا سب سے طاقتور ملک ہے اور انہوں نے گزشتہ سال پاکستان اور ہندوستان، ایران اور اسرائیل، روس اور یوکرین کے درمیان ایٹمی جنگیں رکوائیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اپنی پہلی مدت میں امریکی فوج کی مکمل طور پر از سرنو تعمیر کی، نئی اور جدید جوہری صلاحیتیں شامل کیں، اسپیس فورس قائم کی اور اب امریکی فوج کو تاریخ کی بلند ترین سطح تک مضبوط کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے طاقتور فوج امریکا کے پاس ہے۔ امریکی بیڑے میں جدید جنگی جہاز شامل کر رہے ہیں، جو دوسری جنگ عظیم کے جہازوں سے 100 گنا طاقتور ہیں۔
انہوں نے سرد جنگ کے دوران روس اور امریکہ کے درمیان ہتھیاروں کی روک تھام کے نیو اسٹارٹ معاہدے کو ناقص اور خلاف ورزیوں سے بھرپور قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے، بہتر اور جدید جوہری معاہدے پر کام ہونا چاہیے، جو طویل مدت تک چلے۔
امریکی صدر نے برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر سے ڈیگوگارشیا جزیرے پر مذاکرات کو انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیگوگارشیا بحرِ ہند کے وسط میں واقع اہم امریکی فوجی اڈا اور قومی سلامتی کے لیے غیر معمولی اسٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ڈیگوگارشیامیں امریکی موجودگی کو کسی بھی جعلی دعوے یا ماحولیاتی بہانے سے کمزور نہیں ہونے دوں گا۔ مستقبل میں لیز معاہدہ ختم ہوا یا امریکی افواج کو خطرہ ہوا تو فوجی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔