واشنگٹن، 5 فروری (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے فون پر طویل اور اہم بات چیت کی تفصیلات بتا دیں۔
امریکی صدر نے گفتگو کو انتہائی شاندار قرار دیتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ شی جن پنگ سے بہترین اور تفصیلی گفتگو ہوئی اس دوران کئی اہم امور زیر بحث آئے، امریکہ چین تجارت، فوجی امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے بتایا کہ میرے اپریل میں چین کے دورے کی تیاریوں پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ تائیوان، یوکرین جنگ اور ایران کی موجودہ صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔
امریکی صدر کے مطابق چین کی جانب سے امریکہ سے تیل اور گیس کی خریداری پر بات ہوئی، چین رواں سیزن میں 20 ملین ٹن سویابین خریدنے پر غور کر رہا ہے، بیجنگ نے اگلے سیزن میں 25 ملین ٹن سویابین خریدنے کا عزم ظاہر کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید بتایا کہ امریکہ سے طیاروں کے انجن کی فراہمی پر بھی بات چیت ہوئی، چینی ہم منصب شی جن پنگ سے میرے ذاتی تعلقات انتہائی اچھے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط رکھنا ہمارے مفاد میں ہے، اگلے 3 سالوں میں چین کے ساتھ کئی مثبت نتائج کی توقع ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔