Jadid Khabar

ناانصافی بی جے پی حکومت کی پہچان بن چکی ہے: اکھلیش

Thumb

لکھنؤ، 30 جنوری (یو این آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلڈوزر اب ترقی کی علامت نہیں رہا، بلکہ منفی اور تباہ کن سوچ کی علامت بن چکا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بی جے پی کے پاس کوئی ایسا بلڈوزر بھی ہے جو لوگوں کے ٹوٹے ہوئے گھر دوبارہ بنا دے اور ان کے عزت و وقار کی چھت پھر سے کھڑی کر دے۔
مسٹر یادو نے جمعہ کے روز ایکس پر لکھا کہ 'حکمران اپنے اوپر درج مقدمات تو ہٹوا سکتے ہیں، لیکن جو ناانصافیاں اور گناہ کیے گئے ہیں، ان کا حساب اوپر والے کی عدالت میں لکھا جا رہا ہے'۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اتنی ناانصافی کرنے کے بعد کوئی سکون کی نیند کیسے سو سکتا ہے۔ ایس پی صدر نے الزام عائد کیا کہ ناانصافی بی جے پی حکومت کی شناخت بن چکی ہے اور یکطرفہ، جانبدارانہ رویہ بذاتِ خود ایک گناہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی راج میں بلڈوزر غریبوں اور کمزوروں کے خلاف کارروائی کا ہتھیار بن گیا ہے، جبکہ حکومت کو عوام کی مدد اور بازآبادکاری پر توجہ دینی چاہیے۔ اکھلیش یادو نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کی سیاست جس طرح ناانصافی کر رہی ہے، اس سے اس کی شکست صاف نظر آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'بی جے پی کا ظلم ہارے گا' اور عوام سچ کو سمجھ چکے ہیں۔ اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سچائی  ہمیشہ سازش سے بڑی ہوتی ہے۔