Jadid Khabar

مذہب میں سیاست کی مداخلت درست نہیں: مایاوتی

Thumb

لکھنؤ، 24 جنوری (یو این آئی) ماگھ میلہ میں شنکرآچاریہ سوامی اویمکتیشورآنند سے جڑے تنازع کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے کہا ہے کہ مذہب، تہوار وغیرہ میں سیاسی افراد کی بڑھتی مداخلت درست نہیں ہے اور اس سے عوام میں دکھ اور تشویش کا پیدا ہونا فطری ہے۔ 
محترمہ مایاوتی نے ہفتہ کے روز کہا کہ سیاسی مفادات کے لیے مذہب کو سیاست سے اور سیاست کو مذہب سے جوڑنے کا خطرہ ہمیشہ سے موجود رہا ہے جس کی تازہ مثال ماگھ میلہ میں اسنان سے متعلق پیدا ہونے والا تنازع ہے، جہاں ایک دوسرے کی بے حرمتی اور الزام تراشی کی جا رہی ہے۔ ملک کا آئین اور قانون عوامی مفاد کے کاموں کو ہی قومی مذہب مانتا ہے اور مذہب کو سیاست سے دور رکھنے کی تلقین کرتا ہے تاکہ عوامی نمائندے اپنے فرائض کو صحیح طریقے سے انجام دے سکیں۔ 
انہوں نے ایکس پر لکھا، اتر پردیش ہی نہیں بلکہ ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی گزشتہ چند برسوں سے کسی بھی مذہب کے تہوار، پوجا پاٹھ، اسنان وغیرہ میں سیاسی افراد کی مداخلت اور اثر و رسوخ کافی بڑھ گیا ہے، جو نئے نئے تنازعات، تناؤ اور تصادم کا سبب بن رہا ہے۔ یہ درست نہیں ہے اور ان سب باتوں کو لے کر عوام میں دکھ اور تشویش کی لہر پیدا ہونا فطری ہے۔ 
انہوں نے مزید لکھا، درحقیقت تنگ نظر سیاسی مفادات کے لیے مذہب کو سیاست سے اور سیاست کو مذہب سے جوڑنے کے کئی خطرات ہمیشہ موجود رہتے ہیں اور پریاگ راج میں اسنان وغیرہ سے متعلق جاری تنازعہ ایک دوسرے کی بے حرمتی اور الزام تراشی اس کی تازہ مثال ہے۔ اس سے ہر حال میں بچنا ہی بہتر ہے۔ 
بی ایس پی سپریمو نے کہا، ویسے بھی ملک کا آئین اور قانون ایمانداری سے عوامی مفاد اور عوامی فلاح کے کاموں کو ہی حقیقی قومی مذہب مانتا ہے اور سیاست کو مذہب سے اور مذہب کو سیاست سے الگ رکھتا ہے۔ اس پر صحیح نیت اور پالیسی کے ساتھ عمل ہونا چاہیے تاکہ سیاست دان بغیر کسی تعصب اور جانبداری کے تمام سماج کے سماجی، سیاسی اور معاشی مفادات میں اپنے آئینی فرائض ایمانداری اور نیک نیتی سے ادا کر سکیں۔ موجودہ حالات میں بھی عوام کی یہی توقع ہے۔ لہٰذا پریاگ راج میں اسنان کو لے کر جاری تلخ تنازعہ جتنا جلدی باہمی رضامندی سے حل ہو جائے اتنا ہی بہتر ہے۔ 
محترمہ مایاوتی نے 'اتر پردیش کے یوم تاسیس' کے موقع پر تمام لوگوں کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات بھی پیش کی ہیں۔