Jadid Khabar

جے شنکر کی یورپی ممالک کے سفیروں سے ملاقات

Thumb

نئی دہلی، 22 جنوری (یواین آئی) یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یوروپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین کے اگلے ہفتے ہندوستان کے دورے سے پہلے، وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے جمعرات کو یہاں یورپی یونین کے ممالک کے سفیروں سے ملاقات کی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ یورپی سفارت کاروں سے ملاقات کے بعد ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ دنیا بھر میں عدم استحکام اور غیر یقینی کے موجودہ ماحول میں ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان مضبوط تعلقات ضروری ہیں۔ یہ تعلقات عالمی نظام کو استحکام فراہم کریں گے۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں، وزیر خارجہ نے کہا، "آج یوروپی یونین کے ممالک کے سفیروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے خوشی ہوئی۔ ان سے دنیا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، جہاں عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال ایک نیا معمول بن گیا ہے۔" انہوں نے کہا کہ بات چیت کے دوران انہوں نے مضبوط ہند-یورپی یونین تعلقات کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر جے شنکر نے کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان تعلقات مضبوط سپلائی چینز پر تعاون کے ذریعے عالمی معیشت کو لاحق خطرات کو کم کریں گے۔
انسانی امداد اور آفات سے راحت، بحری قزاقی کے خلاف کارروائیوں اور ترقیاتی پروجیکٹس جیسے مفاد عامہ کی سرگرمیوں کے ذریعہ بین الاقوامی برادری میں  اعتماد بحال  کریں گے نیز تجارت، نقل و حمل اور سکیورٹی شراکت داری کو مضبوط بنا کر عالمی نظام کو مستحکم کریں گے۔"
انہوں نے کہا کہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کے موقع پر مسٹر کوسٹا اور محترمہ ڈیر لیین کے دورہ کا ہندوستان میں بے صبری سے انتظار ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یورپی یونین کے دونوں سرکردہ رہنما اس سال یوم جمہوریہ پر مہمان خصوصی ہوں گے۔ اس کے بعد وہ 27 جنوری کو مشترکہ طور پر انڈیا-ای یو سربراہ اجلاس کی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ شریک صدارت کریں گے۔ اس کے دوران ایک جامع آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کیے جانے کی امید ہے۔