نئی دہلی، 22 جنوری (یو این آئی) دہلی کے وزیرِ پی ڈبلیو ڈی پرویش ورما نے جمعرات کے روز کراری اسمبلی حلقے میں مسلسل پانی بھرنے کے مسئلے پر سابق عام آدمی پارٹی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے الزام لگایا کہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے میں مؤثر سیور یا پانی کی نکاسی کا بنیادی ڈھانچہ تیار نہیں کیا گیا۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ورما نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کراری میں پانی بھرنے کا مسئلہ سوشل میڈیا پر سرخیوں میں رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اپوزیشن لیڈر بھی اس پریس کانفرنس کو دیکھ رہے ہوں گے۔ اپنے 11 برسوں کے دو اقتدار میں سابق حکومت نے کون سا کام کیا؟ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے بھی اس مسئلے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ بریفنگ کے دوران مسٹر ورما نے گزشتہ 10 برسوں کی میڈیا رپورٹس دکھائیں، جس میں کراری کی کالونیوں میں نالوں اور سیور کے پانی کے بار بار بھرنے کا ذکر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب اروند کیجریوال وزیر اعلیٰ بنے تو شرما کالونی جیسے علاقوں میں پانی بھرنے کا مسئلہ نہیں تھا، لیکن 2022 تک وہاں نالوں کا پانی جمع ہونے لگا۔ وزیر نے نشاندہی کی کہ شرما کالونی نشیبی علاقے میں واقع ہے اور کراری اسمبلی حلقے میں تقریباً 10 لاکھ لوگ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کالونی سن 2000 سے قبل آباد کی گئی تھی اور الزام لگایا کہ کانگریس یا عام آدمی پارٹی کی کسی بھی حکومت نے وہاں سیور لائن نہیں بچھائی۔ مسٹر ورما نے کہا کہ بارش کے پانی اور سیوریج کے لیے مناسب نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو جاتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپنے دورِ اقتدار میں عام آدمی پارٹی حکومت نے کراری میں سیور سے متعلق کاموں پر صرف 43 لاکھ روپے خرچ کیے۔