Jadid Khabar

یوگی کا نوجوانوں سے نشہ سےنجات اورماحولیاتی تحفظ کامطالبہ

Thumb

لکھنؤ 12جنوری(یواین آئی) سوامی وویکانند کے یوم پیدائش کی مناسبت سے دارالحکومت لکھنؤ کے اندرا گاندھی پرتیشٹھان میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے شرکت کی اور نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہیں ملک کی سب سے بڑی طاقت قرار دیا۔ 

وزیراعلیٰ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ نشہ بربادی کا سبب ہے اور انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ گاؤں اور بلاک کی سطح پر منشیات کے کاروبار کو ختم کرنے کے لیے مہم چلائیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ نشے کے غیر قانونی کاروبار کی خفیہ اطلاع دینے والوں کی مدد سے مجرموں کی جائیدادیں ضبط کی جائیں گی۔  

ماحولیات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے پانی اور قدرتی وسائل کے تحفظ پر خصوصی توجہ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ شجرکاری، امرت سروور اور دریاؤں کی صفائی جیسی مہمات کا حصہ بنیں۔ حکومت نے آنے والے ون مہوتسو کے دوران ریاست میں 35 کروڑ پودے لگانے کا ہدف رکھا ہے جس میں نوجوانوں اور خواتین کے گروپوں کی شرکت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ 

امن و امان کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ اب ریاست میں نہ کرفیو ہے اور نہ ہی فسادات، جس کی وجہ سے سیاحت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 9 لاکھ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں دی جا چکی ہیں اور بھرتی کا پورا عمل مکمل طور پر شفاف ہے۔  

اس موقع پر وزیر کھیل گریش یادو اور نائب وزیراعلیٰ برجیش پاٹھک نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ گریش یادو نے کہا کہ سوامی وویکانند کے افکار نوجوانوں کو نظم و ضبط اور اپنے مقصد کے تئیں لگن سکھاتے ہیں۔ برجیش پاٹھک نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سوامی وویکانند کی زندگی سے سبق لے کر ریاست کی ترقی میں اپنا تعاون دیں۔