جے پور، 10 جنوری (یواین آئی) راجستھان کے سابق وزیراعلیٰ اور کانگریس کے سینئر رہنما اشوک گہلوت نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اودے پور کنہیا لال قتل معاملے میں ان کے خاندان کو کب تک انصاف ملے گا۔
مسٹر گہلوت نے ہفتہ کو یہاں جاری ایک بیان میں یہ مطالبہ کیا۔ انہوں نے مسٹر شاہ کا راجستھان آنے پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ "آپ سے توقع ہے کہ آج اپنی 'سیاسی خاموشی' توڑیں گے اور بتائیں گے کہ کنہیا لال کے خاندان کو کب انصاف ملے گا۔ آپ کی وزارتِ داخلہ کے تحت نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے واقعہ کی رات ہی یہ کیس راجستھان پولیس سے لے لیا تھا، لیکن این آئی اے کے پاس کیس ہونے کے باوجود ابھی تک انصاف کیوں نہیں ملا ہے۔ ان کا خاندان ابھی تک انصاف کے لئے کیوں بھٹک رہا ہے۔"
انہوں نے کہاکہ "کنہیا لال کے خاندان نے آپ کے جھوٹ کو بے نقاب کر دیا ہے کہ ان کے خاندان کو 50 لاکھ روپے کا معاوضہ اور دونوں بیٹوں کو سرکاری نوکری ملی تھی۔ کیا آپ راجستھان کی عوام سے غلط بیانی کے لئے معافی مانگیں گے۔ یہ افسوسناک ہے کہ جس مسئلے پر آپ نے انتخاب لڑا، اسے اب بھلا دیا گیا ہے۔"
مسٹر گہلوت نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ آج راجستھان میں قانون کا وقار ختم ہو چکا ہے۔ بھتہ خوری، زیادتی اور مافیا راج سے عوام پریشان ہیں۔ بجری مافیا روز قتل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حد تو تب ہو گئی جب دوسرے ریاستوں کی پولیس یہاں آ کر کارروائی کرتی ہے اور وزیراعلیٰ کہتے ہیں کہ راجستھان پولیس کو اطلاع ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ "وزیر داخلہ جی، تقریروں سے ہٹ کر راجستھان کی بگڑتی ہوئی قانون و نظم پر جواب دیجیے۔"
یواین آئی۔ ظ ا