Jadid Khabar

آئی پیک چھاپہ تنازعہ: مغربی بنگال حکومت کی سپریم کورٹ میں کیویٹ، کسی بھی حکم سے قبل موقف سننے کی درخواست

Thumb

نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور مغربی بنگال حکومت کے درمیان جاری کھینچ تان کے دوران ہفتہ کو ایک اہم پیش رفت سامنے آئی، جب ریاستی حکومت نے سپریم کورٹ میں کیویٹ درخواست داخل کر دی۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ آئی پیک سے جڑے معاملے میں اگر کوئی بھی درخواست یا اپیل دائر کی جائے تو عدالت مغربی بنگال حکومت کا موقف سنے بغیر کوئی یکطرفہ حکم صادر نہ کرے۔

ریاستی حکومت کی جانب سے داخل کی گئی کیویٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں کسی بھی فریق کو یکطرفہ فائدہ پہنچانے والا حکم مناسب نہیں ہوگا، اور تمام متعلقہ فریقین کو سننا ناگزیر ہے۔ حکومت کا یہ قدم ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اس معاملے کو لے کر سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتی ہے۔
دوسری جانب انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ بھی اس پورے معاملے میں اپنی قانونی حکمت عملی پر غور و خوض کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ای ڈی مختلف قانونی راستوں کا جائزہ لے رہی ہے، جن میں سپریم کورٹ سے رجوع کرنا بھی شامل ہے۔ تاہم، حتمی فیصلہ کرنے سے قبل ای ڈی تمام قانونی پہلوؤں اور ممکنہ نتائج کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔
اس سے قبل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعہ کو ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا۔ ای ڈی نے عدالت کو بتایا تھا کہ اس کی جاری جانچ میں دانستہ طور پر رکاوٹیں پیدا کی گئیں، جس سے تفتیش متاثر ہوئی۔ ای ڈی کی جانب سے دائر درخواست میں اس معاملے کی سی بی آئی جانچ کرانے کی مانگ کی گئی تھی۔ اس کے ساتھ ہی ایجنسی نے عدالت سے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرنے کی اجازت بھی طلب کی۔
ای ڈی نے عدالت کو یہ بھی آگاہ کیا کہ جمعرات کو ہونے والی جانچ کے دوران مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی مبینہ طور پر چند اہم دستاویزات اور معلومات اپنے ساتھ لے گئیں۔ قابل ذکر ہے کہ جمعرات کو آئی پیک کے دفتر اور اس کے شریک بانی پرتیک جین کی رہائش گاہ پر ای ڈی کی کارروائی کے دوران وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ریاستی انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران کے ہمراہ پہلے پرتیک جین کے گھر اور بعد ازاں آئی پیک کے دفتر پہنچی تھیں۔ اس دوران ان پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے کچھ فائلیں اور الیکٹرانک دستاویزات نکلوا کر اپنی گاڑی میں رکھوائیں۔