نئی دہلی، 27 دسمبر (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا ہے کہ اٹل کینٹین کی یہ پہل دہلی کی تعمیر اور نظام کو چلانے میں مصروف ہمارے محنت کش بھائیوں اور بہنوں کے لیے احترام اور حمایت کا ذریعہ ہے۔
محترمہ گپتا نے ہفتہ کے روز شالیمار باغ میں اٹل کینٹین کا افتتاح کرنے کے بعد کہا، ''آج شالیمار باغ میں اٹل کینٹین کا افتتاح کیا اور وہیں کھانا بھی تناول کیا۔ اٹل کینٹین میں صرف پانچ روپے میں گرم اور غذائیت سے بھرپور کھانا دستیاب ہے۔ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے انتودیہ (آخر ی فرد تک فائدہ پہنچانے) کے نظریے سے متاثر یہ پہل دہلی کی تعمیر اور انتظام میں جٹے ہمارے محنت کش بھائیوں اور بہنوں کے لیے احترام اور حمایت کا ذریعہ ہے۔''
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت شالیمار باغ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے علاقے میں مسلسل بنیادی سہولیات کا دائرہ بڑھا رہی ہے تاکہ ہر خاندان کو سہولت، ہر مزدور کو احترام اور ہر شہری کو اعتماد حاصل ہو۔ وزیر اعلیٰ نے پیتم پورہ میں بھی اٹل کینٹین کا افتتاح کیا اور کہا کہ اس اٹل کینٹین کے احاطے کو ایک عوامی خدمت مرکز کے طور پر ترقی دی جائے گی، جہاں آیوشمان آروگیہ مندر، بیت الخلا اور صاف پینے کے پانی کے لیے آر او پلانٹ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
وزیر اعلیٰ نے اتم نگر میں اٹل گارڈن کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ انہوں نے کہا کہ اٹل گارڈن منصوبہ اٹل بہاری واجپائی کے اس خیال سے متاثر ہے جس میں ترقی نیچر اور ثقافت کے ساتھ ہم آہنگ ہو۔ یہ منصوبہ نجف گڑھ نالے کے قریب واقع ایک نظرانداز شدہ زمین کو ایک خوبصورت اور قابل رسائی پارک میں تبدیل کرنے کی کوشش ہے، جہاں خاندان، بچے، بزرگ اور نوجوان سب وقت گزار سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اٹل گارڈن میں تالاب اور چھٹھ گھاٹ جیسی سہولیات تیار کی جائیں گی۔ یہاں 12 فٹ بلند اٹل جی کا مجسمہ اور دلکش فوارے نصب کیے جائیں گے۔ ہریالی، لینڈ اسکیپنگ اور کھلے پلازا تیار ہوں گے۔ پیدل چلنے کے لیے راستے، ایمفی تھیٹر، کھیل کا میدان اور فوڈ کورٹ بنائے جائیں گے۔ اس کے ساتھ عوامی اسٹیج، بیت الخلا اور سکیورٹی کا مناسب انتظام بھی کیا جائے گا۔