Jadid Khabar

بنگلہ دیش: گلوکار جیمز کے کنسرٹ پر ہجوم کا حملہ، کئی زخمی، ادبی و ثقافتی حلقوں میں تشویش

Thumb

بنگلہ دیش میں فنکاروں اور ثقافتی اداروں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات کے درمیان معروف گلوکار جیمز کا کنسرٹ منسوخ کر دیا گیا۔ یہ پروگرام ڈھاکہ سے تقریباً 120 کلو میٹر دور فریدپور میں جمعہ کی رات 9 بجے ایک اسکول کے یوم تاسیس کے موقع پر منعقد ہونا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر آخری وقت میں کنسرٹ کو روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، چند افراد نے پروگرام کے مقام میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی اور موجودہ بھیڑ پر اینٹ پتھر پھینکے، جس سے حالات کشیدہ ہو گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طلبہ نے مزاحمت کی، تاہم ممکنہ تصادم کے خطرے کے باعث مقامی انتظامیہ نے پروگرام منسوخ کرنے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں کنسرٹ کو سکیورٹی وجوہات کی بنا پر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔
اس واقعے پر مصنفہ تسلیمہ نسرین نے سخت ردِعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر بنگلہ دیش میں بڑھتی عدم برداشت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ پہلے ثقافتی ادارہ چھایاناٹ کو نذرِ آتش کیا گیا اور اب ایک مقبول گلوکار کو اسٹیج پر گانے سے روک دیا گیا۔ ان کے مطابق ایسے واقعات ملک کے ثقافتی تشخص کے لیے نقصان دہ ہیں۔
تسلیمہ نسرین نے اپنے بیان میں موسیقار سراج علی خان کا بھی حوالہ دیا اور بتایا کہ وہ حال ہی میں ڈھاکہ آئے تھے۔ وہ عظیم استاد علاؤالدین خان کے پڑپوتے اور علی اکبر خان کے پوتے ہیں، نیز مہر گھرانے کے ممتاز فنکار سمجھے جاتے ہیں۔ تاہم، غیر محفوظ ماحول کے سبب وہ کوئی پیشکش کیے بغیر واپس لوٹ گئے اور کہا کہ جب تک فنکاروں اور ثقافتی اداروں کی حفاظت یقینی نہیں بنتی، بنگلہ دیش آنا ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چند روز قبل استاد رشید خان کے بیٹے ارمان خان نے بھی ڈھاکہ میں پرفارم کرنے کی دعوت مسترد کر دی۔ ارمان خان کے مطابق، وہ ایسے ماحول میں جانے کو تیار نہیں جہاں موسیقی اور فن کے خلاف نفرت دیکھی جا رہی ہو۔ واضح رہے کہ جیمز بنگلہ دیش کے نہایت مقبول گلوکار، نغمہ نگار اور گٹارسٹ ہیں۔ وہ معروف راک بینڈ ناگر بول کے مرکزی گلوکار ہیں اور ہندوستان میں بھی اپنی الگ شناخت رکھتے ہیں۔