Jadid Khabar

کم عمری میں طوفانی بلے بازی سے لوگوں کو حیران کرنے والے ویبھو سوریہ ونشی کو صدر جمہوریہ نے دیا خاص ایوارڈ

Thumb

ہندوستان کے نوجوان کرکٹر ویبھو سوریہ ونشی ہر گزرتے دن کے ساتھ نئی کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔ محض 14 سال کی عمر میں ہی ویبھو نے اپنی طوفانی بلے بازی سے کرکٹ کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا ہے اور کئی ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔ کرکٹ پچ پر ان کی اس شاندار کامیابی کے لیے انہیں حکومت ہند نے ایک خاص اعزاز سے نوازا ہے۔ ویبھو سوریہ ونشی کو ملک کے سب سے بڑے بچوں کے اعزاز ’پردھان منتری راشٹریہ بال پرسکار‘ سے سرفراز کیا گیا ہے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ایک خصوصی تقریب میں بہار کے اس باصلاحیت بلے باز کو اپنے ہاتھوں سے یہ ایوارڈ دیا۔

جمعہ یعنی 26 دسمبر کو جب وجے ہزارے ٹرافی میں بہار کی ٹیم اپنے دوسرے میچ کے لیے میدان میں تھی، اسی وقت اس ٹیم کے سپر اسٹار بلے باز ویبھو سوریہ ونشی نئی دہلی کے وگیان بھون میں موجود تھے۔ موقع تھا ’پردھان منتری راشٹریہ بال پرسکار‘ اعزاز کا۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی ملک بھر کے کئی نوجوانوں اور بچوں کو ان کی کامیابیوں کے لیے یہ ایوارڈ دیا گیا، جس میں کسی کو ان کی بہادری کے لیے تو کسی کو کھیل، موسیقی یا سائنس کے شعبہ میں ان کے تعاون کے لیے اعزاز سے نوازا گیا۔
بہار کے سمستی پور سے تعلق رکھنے والے ویبھو آئی پی ایل میں سب سے کم عمر کھلاڑی اور سب سے تیز سنچری بنانے والے ہندوستانی بلے باز ہیں۔ ان کی ایسی ہی کامیابیوں کے لیے صدر مرمو نے انھیں یہ ایوارڈ دیا۔ جیسے ہی ایوارڈ کے لیے ویبھو کا نام پکارا گیا، پورے وگیان بھون میں گالیوں کی گونج سنائی دی۔ اس دوران ویبھو نارنجی رنگ کا بلیزر اور سفید کرتا پاجامہ پہنے ہوئے نظر آئے۔
ویبھو کو ملا یہ ایوارڈ صرف ان کے لیے ہی نہیں بلکہ ان کے خاندان کے لیے بھی بڑے فخر کا لمحہ تھا اور ان کے بھائی نے بلا جھجک اس لمحے کو سب کے ساتھ شیئر کیا۔ ویبھو کے بڑے بھائی اُجول سوریہ ونشی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویبھو کی ایوارڈ لیتے ہوئے تصویر پوسٹ کی اور لکھا، ’’ہمارے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ آج ہمارے ملک کی صدر کے ہاتھوں ویبھو کو ’بال پرسکار‘ سے نوازا گیا۔ ہماری صدر نے ویبھو کی تعریف بھی کی۔‘‘