لکھنؤ 26 دسمبر(یواین آئی) سماجوادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے جمعہ کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) راج میں عام جنتا کوترقی اوراحترام نہیں، بلکہ صرف "ماٹی-دھوکہ" ہی ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب صورتحال "ہاتا نہیں بھاتا" سے بہت آگے نکل چکی ہے اورنظر اندازی،ذلت میں بدل چکی ہے، جسے کوئی بھی خوددارسماج برداشت نہیں کرسکتا۔
یادو نے 'ایکس' پر لکھا "جب کسی سماج کے سامنے صرف دو متبادل 'اقتداریا عزت' بچے رہ جاتے ہیں، تب خوددارسماج ہمیشہ احترام کو ہی منتخب کرتا ہے۔ یہ سچائی کسی ایک سماج تک محدود نہیں، بلکہ ہر طبقے اور کمیونٹی پر یکساں طور پرنافذ ہوتی ہے۔
بی جے پی کسی کی سگی نہیں ہے اور آج "بھاجپائی" کہلانا ایک منفی سماجی پہچان بنتا جا رہا ہے۔" انہوں نے کہا کہ بی جےپی سے جڑے لوگ اپنے مفاد کے لیے ماحولیات جیسی حساس وراثتوں سے کھلواڑ کرتے ہیں، قصوروار مجرموں کو تحفظ اور شہرت دیتے ہیں نیز دواؤں کے نام پر زہریلی اور نشیلی چیزیں بیچ کر لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈالتے ہیں۔
انہوں نے انتخابی عمل میں لوٹ، بدعنوانی، کمیشن خوری اور اقتدار کے غلط استعمال کے سنگین الزامات بھی لگائے۔مسٹر اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ نفرت اور خوف کا ماحول بنا کر سماج کوتقسیم کرنا، آئین اورقانون کے بجائے بھیڑ اور دباؤ کی سیاست کرنا، اور سائنسی سوچ، تعلیم اور فن سے ڈرنا، یہ سب موجودہ اقتدار کے کام کرنے کے طریقے کو بے نقاب کرتا ہے۔
ان کے مطابق اسی وجہ سے امیراورغریب کی خلیج بڑھی ہے، بے روزگاری اور مہنگائی نے عام جنتا کی کمرتوڑ دی ہے اور خواتین، غریب، محروم اور استحصال زدہ طبقات کے حقوق پر مسلسل حملے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن، مہذب، انسانیت پسند، ایماندار اور خوددار سماج اب ایسے سیاسی طرزِ عمل کے ساتھ کھڑا ہوکر توہین اور عوامی غم و غصے کا شکار نہیں ہونا چاہتا۔
اکھلیش یادو نے واضح کیا کہ جب تک اقتدار کی اس قسم کی سیاست ختم نہیں ہوتی، تب تک سماج کو برابری کی عزت ملنا ممکن نہیں ہے۔