Jadid Khabar

چرچ، مال میں ہنگامہ کرنے والے غنڈے، ہندوستانی تہذیب سے ان کا کوئی تعلق نہیں: کانگریس

Thumb

نئی دہلی، 25 دسمبر (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ کئی میٹروپولیٹن  اور شہروں کے چرچ، مالز وغیرہ میں جو لوگ توڑ پھوڑ کر رہے ہیں، ان کے کارناموں سے ملک کی شبیہ دنیا میں خراب ہورہی ہے، اس لیے عالمی برادری کو یہ بتانا ضروری ہے کہ یہ غنڈے ہیں اور ان کا ہندو مذہب اور ہندوستانی تہذیب سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے جمعرات کو یہاں سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ گزشتہ دو دنوں سے کچھ لوگ چرچ، مال وغیرہ جیسی جگہوں پر توڑ پھوڑ کر رہے ہیں۔ یہ سب غنڈے ہیں اور ان کا ہندو مذہب اور ہندوستانی تہذیب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ انتشار پسند عناصر ہیں جو غنڈہ گردی پھیلا کر ملک کو بدنام کرنے کا کام کر رہے ہیں۔ 
انہوں نے کہا، "رام نومی اور ہنومان جینتی پر، یہ لوگ مساجد کے باہر جا کر ڈی جے بجاتے ہیں، اشتعال انگیز گانے بجاتے ہیں۔ کرسمس کے موقع پر یہ لوگ گرجا گھروں کے باہر ہنومان چالیسہ پڑھتے ہیں، سانتا کلاز کی ٹوپی کھینچتے ہیں اور توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔ کون ہیں یہ بے وقوف؟"
کانگریس کے ترجمان نے ان فسادات میں ملوث افراد کو سنگھ  کی طرف سے لگائے گئے زہریلے بیجوں سے نکلی گھاس پھوس  قرار دیا اور کہا کہ یہ غنڈے ہیں جو نہ تو ہندو مذہب کے ہوسکتے ہیں اور نہ ہی ان کا ہندوستانی تہذیب سے کوئی تعلق ہو سکتا ہے۔