Jadid Khabar

دہلی والوں نے 50 دنوں بعد صاف آب و ہوا میں سانس لی

Thumb

نئی دہلی، 25 دسمبر (یو این آئی) قومی دارالحکومت کے شہریوں کو کرسمس کی صبح 50 دنوں میں سب سے صاف آب وہوا ملی۔ دیوالی کے بعد سے جاری خطرناک فضائی آلودگی کے معیار میں بہتری آئی اور اے کیو آئی 220 تک گر گیا، جو دہلی والوں کے لیے بہت راحت کی رپورٹ ہے۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق بدھ کی صبح 8:05 بجے دہلی کا اے کیو آئی 220 ریکارڈ کیا گیا، جو نومبر کے آغاز کے بعد سب سے کم ہے۔ یہ منگل کی شام چار بجے ریکارڈ کیے گئے 24 گھنٹے کے اوسط اے کیو آئی 271 کے مقابلے میں نمایاں بہتری ہے۔
منگل کی دیر رات چلنے والی تیز ہواؤں کی وجہ سے آلودگی کی سطح میں کمی آئی ہے۔ دارالحکومت میں 22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے AQI کو کافی حد تک کم کرنے میں مدد کی۔ اس سے پہلے ہفتے کے آغاز میں اے کیو آئی 'سنگین' زمرے میں تھا۔ پیر کے روز 373 سے بڑھ کر منگل کے روز 412 تک پہنچ گیا تھا، لیکن تیز ہواؤں کی وجہ سے اس میں تیزی سے کمی دیکھی گئی۔
اس دوران ایئر کوالٹی مینجمنٹ کمیشن (سی ایس کیو ایم) نے کل گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی) کے تحت اسٹیج-4 پابندیاں ہٹا دی ہیں۔ یہ فیصلہ رات کی تیز ہواؤں کی وجہ سے چند گھنٹوں بعد لیا گیا۔ تاہم آنے والے دنوں میں ہوا کے معیار میں دوبارہ کمی کا امکان ہے۔ اسی دوران جی آر اے پی کے اسٹیج-1، 2 اور 3 کے تحت پابندیاں برقرار رہیں گی۔