Jadid Khabar

بنگلہ دیش میں ہندو اقلیتوں پر تشدد باعث تشویش : مایاووتی

Thumb

لکھنؤ، 25 دسمبر (یو این آئی) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے ہمسایہ ملک بنگلہ دیش میں ہندو اقلیتوں کے خلاف جاری فرقہ وارانہ تشدد اور حال ہی میں ایک دلت نوجوان کے وحشیانہ قتل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح وحشیانہ قتل کیا گیا ہے، اس پر ہندوستانیوں کا سڑکوں پر نکل کر غصہ ظاہر کرنا فطری بات ہے۔ اس معاملے میں حکومت کو مناسب توجہ دیتے ہوئے فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔
محترمہ مایاوتی نے ایکس پر لکھا کہ 'جیسا کہ سب کو معلوم ہے کہ اپنے ہمسایہ ملک بنگلہ دیش میں ہندو اقلیتوں کی جان، مال اور مذہب کو جس طرح فرقہ وارانہ تشدد کا شکار بنا کر انہیں تکلیف دی جا رہی ہے، اس سے نہ صرف ہمارے ملک میں بلکہ دیگر جگہوں پر بھی تشویش کا ماحول ہے۔ حال ہی میں ایک دلت نوجوان کے وحشیانہ قتل پر ہندوستان بھر میں لوگوں کا سڑکوں پر غصہ ظاہر کرنا بھی فطری ہے۔ جس کے بارے میں ہندوستان کی حکومت سے توقع ہے کہ وہ فوری طور پر مناسب توجہ دے کر ہر سطح پر اور زیادہ فعال کردار ادا کرے، اور یہی وقت کی ضرورت بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ اپنے ملک میں بھی دلتوں اور آدی واسیوں پر صدیوں سے جاری ذات پات پر مبنی نفرت، ظلم و زیادتی، استحصال اور حق تلفی کم نہیں ہوئی ہے، بلکہ ہر سطح پر مسلسل جاری ہے اور ان کی حفاظت کے لیے بنائے گئے قوانین کسی حد تک غیر فعال کر دیے گئے ہیں، لیکن ہمسایہ ملک بنگلہ دیش میں اسی طرح ہونے والی ظلم و زیادتی کوئی کم سنگین معاملہ نہیں بلکہ یہ بہت افسوسناک اور تشویشناک بات ہے۔