Jadid Khabar

وزیراعظم کا چتردرگ بس حادثے میں اموات پر اظہارِ تعزیت، متاثرین کے لیے معاوضے کا کیا اعلان

نئی دہلی، 25 دسمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کرناٹک کے ضلع چتردرگ میں پیش آئے سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہلِ خانہ کے لیے معاوضے  کا اعلان کیا۔
قومی شاہراہ 48 پر ایک نجی بس اور ٹرک کے درمیان شدید ٹکر کے بعد گاڑیوں میں آگ لگنے سے کم از کم 10 افراد کی موت جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
وزیر اعظم کے دفتر نے بتایا کہ مسٹر مودی نے متاثرہ کنبوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ "کرناٹک کے ضلع چتردرگ میں پیش آئے حادثے میں لوگوں کی جان جانے سے انتہائی دکھی ہوں۔ جن لوگوں نے اپنے عزیزوں کو کھویا ہے، ان سے دلی ہمدردی۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی پرارتھنا کرتا ہوں۔"
مسٹر مودی نے متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے وزیر اعظم قومی امدادی فنڈ سے فوری مالی امداد کی منظوری دی ہے، جس کے تحت ہر متوفی کے لواحقین کو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے بطور معاوضہ دیے جائیں گے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ کل رات تقریباً 2:30 بجے ہری یور تعلقہ کے گورلاتھو گاؤں کے قریب پیش آیا، جب بنگلورو کی سمت جا رہے ایک ٹرک نے مبینہ طور پر سڑک کا ڈیوائیڈر عبور کر کے بنگلورو سے شِوموگا جا رہی ایک نجی بس کو ٹکر مار دی۔ ٹکر کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ حادثے کے وقت بس میں سوار 32 مسافروں میں سے زیادہ تر سو رہے تھے، تاہم تقریباً نو مسافر جلتی ہوئی بس سے چھلانگ لگا کر نکلنے میں کامیاب رہے۔
یو این آئی۔ این یو۔