لکھنؤ، 20 دسمبر (یو این آئی) اتر پردیش کے بیشتر اضلاع میں ہفتہ کی صبح کا آغاز گھنے کہرے اور سرد ہواؤں کے ساتھ ہوا۔ کہرے کا اثر مشرقی اتر پردیش کے بلیا سے لے کر مغربی علاقے غازی آباد تک دیکھا گیا جس کے باعث عام زندگی متاثر ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ریاست کے 50 اضلاع میں ریڈ الرٹ، 17 اضلاع میں اورنج الرٹ اور آٹھ اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ 40 اضلاع میں کہرے کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔ ریلیف کمشنر کے دفتر نے ریڈ الرٹ والے اضلاع میں 12 کروڑ سے زائد موبائل صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعے موسم کی وارننگ بھیجی ہے۔
ریلیف کمشنر ڈاکٹر رشی کیش بھاسکر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم سے متعلق انتباہات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی سفر کی منصوبہ بندی کریں۔ شدید سردی اور کہرے کے پیش نظر کئی اضلاع کی انتظامیہ نے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کے احکامات جاری کیے ہیں جبکہ بعض اضلاع میں پانچویں جماعت تک کے اسکولوں میں آن لائن کلاسیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
موسم کی سختی کے پیش نظر ڈاکٹروں نے صبح کی سیر کرنے والوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ سورج نکلنے کے بعد ہی گرم کپڑے پہن کر باہر نکلیں۔ دل اور سانس کے امراض سمیت دیگر سنگین بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو بھی ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق بروقت دوا لینے اور گرم لباس میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔