Jadid Khabar

ریاستوں نے صحت فنڈ خرچ نہیں کیا: نڈا

Thumb

نئی دہلی، 5 دسمبر (یو این آئی ) مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر جے پی نڈا نے آج (جمعہ) لوک سبھا میں کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے صحت کے بنیادی ڈھانچے  کے لیے فراہم کی گئی رقم کا ریاستوں میں مکمل طور پر استعمال نہیں کیا جا رہا ہے۔
آج وقفہ سوالات  کے دوران ایک ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر نڈا نے ریاستی حکومتوں پر الزام لگایا کہ وہ مرکزی حکومت کی طرف سے صحت کے بنیادی ڈھانچے کے لیے دی گئی رقم کا استعمال نہیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا
"مرکزی حکومت نے مختلف ریاستی حکومتوں کو صحت کے بنیادی ڈھانچے کے لیے 64 ہزار کروڑ روپے دیے تھے، لیکن اس میں سے صرف 30 ہزار کروڑ روپے ہی خرچ کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے، 2017 میں مرکز کی طرف سے مجموعی گھریلو پیداوار ( جی ڈی پی ) کا 2.5 فیصد خرچ کرنے کے فیصلے کے باوجود، اب تک صرف 1.9 فیصد ہی خرچ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل، مرکزی وزیر مملکت برائے صحت اور خاندانی بہبود، انوپریا پٹیل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے غذائی قلت کو ختم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ملک کے ہر بچے کو انیمیا (خون کی کمی) سے پاک کرنے کے لیے ہر سطح پر کام کیا جا رہا ہے۔ حکومت ہر ایک بچے کی ڈیجیٹل نگرانی  کر رہی ہے۔