Jadid Khabar

گجرات حکومت نوجوانوں کو منشیات اور جرائم کی دنیا میں دھکیل رہی ہے: راہل گاندھی

Thumb

نئی دہلی، 02 دسمبر (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی نے گجرات حکومت پر ریاست میں منشیات کے استعمال کو فروغ دینے کا الزام لگاتے ہوئے پوچھا کہ یہ سب کس بی جے پی لیڈر کی سرپرستی میں ہو رہا ہے؟ 
مسٹر گاندھی نے منگل کے روز گجرات حکومت پر حملہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ گجرات میں چل رہی کانگریس کی ''جن آکروش یاترا'' کے دوران لوگوں، خاص طور پر خواتین، نے بار بار کہا ہے کہ ریاست میں  منشیات ، غیر قانونی شراب اور جرائم نے ان کی زندگی میں عدم تحفظ کے مسائل بڑھا دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات مہاتما گاندھی اور سر دار پٹیل کی وہ زمین ہے جہاں سچائی، اخلاقیات اور انصاف کی روایت رہی ہے، مگر گزشتہ کچھ برسوں سے ریاست کے نوجوانوں کا مستقبل منشیات اور جرائم کی دنیا کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ 
مسٹر گاندھی نے گجرات حکومت سے سوال کیا کہ ''گجرات پوچھ رہا ہے، بی جے پی حکومت خاموش کیوں ہے؟ ریاستی حکومت میں وہ کون سا وزیر ہے جس کی سرپرستی میں یہ سب کچھ ہو رہا ہے؟ آج گجرات منشیات میں ڈوبا ہے، ڈبل انجن حکومت ہے۔'' 
انہوں نے کہا کہ کانگریس عوام کی بات سنتی رہے گی اور بی جے پی حکومت کی ناکامیوں اور بدعنوانیوں کو مسلسل بے نقاب کرتی رہے گی۔