وارانسی، 6 اکتوبر (یو این آئی): اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدیتیہ ناتھ نے پیر کے روز کہا کہ ان کی حکومت میں خواتین کی عزت و وقار کے ساتھ ساتھ ان کی خود انحصاری کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے۔
دو روزہ دورے پر وارانسی پہنچے یوگی نے شیو پور میں واقع ان پورنا مندر ٹرسٹ کے ان پورنا رشی کُول برہماچاریہ آشرم میں منعقدہ تقریب میں تقریباً 250 طالبات کو سرٹیفکیٹ، سلائی کڑھائی مشینیں اور لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔
بی جے پی حکومت نے کوئلے اور گوبر کے اپلوں سے ماؤں اور بہنوں کو نجات دلائی ہے، کاشی میں آج پائپ لائن کے ذریعے گیس پہنچ رہی ہے۔ دیہی علاقوں میں خواتین کے نام پر زمین دی جا رہی ہے۔ تعلیم، صحت اور روزگار کے ہر شعبے میں انہیں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ عورت کی عزت کے ساتھ خود انحصاری کا کام بھی ہو رہا ہے۔ ایک سلائی مشین پورے کنبے کی کفالت کر سکتی ہے۔ زراعت کے بعد کپڑوں کی صنعت سب سے بڑا شعبہ ہے''۔
انہوں نے کہا کہ آج کے پروگرام میں 250 سے زیادہ بیٹیوں اور بہنوں کو سلائی مشینیں اور کمپیوٹر دیے گئے ہیں، سبھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سناتن دھرم ہی سب کی حفاظت اور امن کا راستہ ہے''۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کاشی سے ہی وزیراعظم نریندر مودی نے 'بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ'، بیت الخلاء اور گھر جیسی مہم کے ذریعے ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو مضبوط بنانے کا کام شروع کیا۔