Jadid Khabar

سپریم کورٹ کا سونم وانگچک کی گرفتاری کے معاملے میں مرکزی حکومت کو نوٹس

Thumb

نئی دہلی، 6 اکتوبر (یو این آئی) سپریم کورٹ نے لداخ کے سماجی کارکن سونم وانگچک کی قومی سلامتی ایکٹ (این ایس اے) کے تحت گرفتاری کو چیلنج کرنے والی عرضی پر پیر کو مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔
جسٹس اروند کمار اور جسٹس این وی انجاریا کی بنچ نے مسٹر وانگچک کی اہلیہ گیتانجلی جے انگمو کی ہیبیس کارپس عرضی پر مرکزی حکومت سے جواب طلب کیا۔
بنچ نے مسز انگمو کی درخواست پر  ان کے وکیل کپل سبل اور مرکزی حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا کی طرف سے مختصر دلائل سننے کے بعد یہ حکم دیا۔
بنچ نے کہا، ''نوٹس جاری کریں۔
قبل ازیں سینئر ایڈوکیٹ مسٹرسبل نے بنچ کو بتایا کہ درخواست ماہر ماحولیات وانگچک کی حراست  پر تنقید کرتی ہے۔
بنچ کے سامنے دلائل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم حراست  کے خلاف ہیں۔
اس کے جواب میں، سالیسٹر جنرل مہتا نے، مرکزی حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر وانگچک کو ان کی حراست کی وجہ سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
محترمہ انگمو نے قومی سلامتی ایکٹ (این ایس اے) کے تحت اپنے شوہر کی حراست کو چیلنج کیا ہے۔
محترمہ انگمو نے اس معاملے میں جمعرات کو سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت دائر کی گئی ہیبیس کارپس درخواست میں انہوں نے اپنے شوہر کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔
درخواست میں، انہوں نے اپنے شوہر پر این ایس اے کے نفاذ پر سوال اٹھایا اور دعویٰ کیا کہ ان کی گرفتاری "غیر قانونی اور قانون کی خلاف ورزی" ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ گرفتاری کے بعد سے ان کے شوہر سے کوئی رابطہ نہیں ہوسکا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مسٹر وانگچک کو گرفتاری کے بعد سے راجستھان کی جودھ پور سنٹرل جیل میں رکھا گیا ہے۔
انہیں 26 ستمبر کو لداخ میں علیحدہ ریاست کا درجہ دینے کے مطالبے کے احتجاج کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ ان مظاہروں کے دوران پھوٹنے والے تشدد میں چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔