Jadid Khabar

غزہ میں اسرائیلی فورسز کے بے رحمانہ حملے جاری، 19 فلسطینی شہید

Thumb

غزہ، 6 اکتوبر (یو این آئی) قابض اسرائیلی فورسز کے غزہ میں حملوں کا سلسلہ جاری ہے، دن بھر ہونے والی شہادتوں کی تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے۔ 
قطر کے نشریاتی ادارے 'الجزیرہ' کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے نہتے شہریوں کو خیموں، پناہ گزین کیمپوں اور اسکولز میں نشانہ بنایا، جب کہ امداد کے متلاشی 2 افراد کو بھی شہید کیا گیا۔ 
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر بیت لحم کے مشرق میں بیت ساحور کے قریب اسرائیلی افواج کی فائرنگ سے 7 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 2 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ 
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھوک کے باعث ایک اور شہادت واقع ہوئی ہے، جس کے بعد جنگ کے دوران غذائی قلت سے شہید ہونے والوں کی کل تعداد 460 ہو گئی ہے، جن میں 154 بچے شامل ہیں۔ 
دریں اثنا، اسرائیلی فورسز کی مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، جس میں 13 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ 
فلسطینی خبر رساں ایجنسی 'وفا' کے مطابق اسرائیلی فورسز نے بچے سمیت 7 فلسطینیوں کو الخلیل کے علاقے سے گرفتار کیا، 3 افراد کو مغربی سلفیت، شمال مغربی رام اللہ سے بچے سمیت 2 افراد جب کہ بلاطہ پناہ گزین کیمپ سے ایک شہری کو گرفتار کیا گیا۔ 
مقامی فلسطینیوں نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امن مذاکرات قریب آنے کے باوجود 'زمینی حالات میں کوئی تبدیلی نہیں' آئی۔ 
امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے بمباری روکنے کی اپیل کے باوجود اسرائیلی لڑاکا طیاروں اور ٹینکوں نے رات بھر غزہ کے مختلف علاقوں پر حملے کیے، کئی فلسطینی، جنہوں نے دو سال قبل شروع ہونے والی اس جنگ کے دوران متعدد ناکام جنگ بندیوں کو دیکھا ہے، اب اس جنگ کے خاتمے کی امید کھوتے جا رہے ہیں۔