Jadid Khabar

پاکستان کے کوئٹہ میں زبردست دھماکہ، 9 افراد کی موت

Thumb

پاکستان کے بلوچستان صوبہ میں حالات ایک مرتبہ پھر بے قابو ہو گئے ہیں۔ بلوچستان کی راجدھانی کوئٹہ میں بڑا دھماکہ ہوا ہے جس سے پورے علاقے میں دہشت پھیل گئی ہے۔ ’بی بی سی’ کی خبر کے مطابق اس دھماکے میں 9 لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ 32 زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکے کا منظر سی سی ٹی وی میں قید ہو گیا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق دھماکہ فرنٹیئر کارپس دفتر کے قریب ہوا۔ دھماکہ کے بعد علاقے میں فائرنگ بھی ہوئی۔ اس واقعہ سے پورے شہر کی میڈیکل فیسلیٹی میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

’اکسپریس ٹریبیون‘ کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں جرگھون روڈ کے قریب ہوا بم دھماکہ اتنا خوفناک تھا کہ ہر طرف دھواں ہی دھواں دیکھنے کو مل رہا تھا۔ آس پاس کی عمارتوں کی کھڑکیاں اور دروازے بھی ٹوٹ گئے تھے۔ دھماکہ کی اطلاع کے بعد علاقے میں ریسکیو آپریشن چلایا گیا۔ سیکوریٹی اہلکاروں نے پورے علاقے کی گھیرا بندی کر دی ہے۔ فرنٹریئرس کارپس کے جوان بھی جائے وقوع پر موجود ہیں۔ فی الحال دھماکہ کی اصل وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔
حالات کو دیکھتے ہوئے بلوچستان کے وزیر صحت بخت محمد کاکر نے شہر بھر کے سبھی اسپتالوں میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے۔ سبھی ڈاکٹروں، فارماسسٹوں، اسٹاف نرسوں اور پیرا میڈیکل اہلکاروں کو ڈیوٹی پر آنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ افسروں نے دھماکہ کے سلسلے میں جانچ شروع کر دی ہے۔
پاکستانی میڈیا کے حوالے سے اس طرح کی اطلاعات آ رہی ہیں کہ یہ خودکش حملہ تھا۔ جائے حادثہ سے جس طرح کی اطلاع ملی ہے اس کے مطابق دھماکہ کے بعد کافی دور سے دھوئیں کا بڑا غبار اٹھتا ہوا دکھائی دیا۔ قابل ذکر ہے کہ اسی مہینے 4 ستمبر کو بھی کوئٹہ میں ایک سیاسی ریلی کے دوران بم ہوا تھا جس میں 15 لوگوں کی موت ہو گئی تھی اور 30 سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے تھے۔