نئی دہلی، 08 ستمبر (یو این آئی) سپریم کورٹ نے پیر کے روز وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی تلنگانہ یونٹ کی عرضی کو خارج کر دیا، جس سے انہیں مبینہ ہتک عزت کے فوجداری مقدمے میں راحت مل گئی۔
چیف جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس کے ونود چندرن اور اتل ایس چندورکر کی بنچ نے متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد بی جے پی کی عرضی خارج کر دی۔
درخواست میں تلنگانہ ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا گیا جس نے وزیر اعلی ریونت ریڈی کے خلاف بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری کرم وینکٹیشور راؤ کے ذریعہ دائر ہتک عزت کے مقدمہ کو خارج کردیا تھا۔
بی جے پی کی درخواست کو مسترد کرنے کا حکم سناتے ہوئے، بنچ کی جانب سے چیف جسٹس نے درخواست گزار کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر ایڈوکیٹ رنجیت کمار سے کہا، "ہم نے کئی مواقع پر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ عدالتوں کو سیاسی پینترے بازی کا میدان نہیں بنایا جا سکتا ہے۔"
بی جے پی کی طرف سے دائر فوجداری مقدمہ میں وزیر اعلی ریونت ریڈی کے بیان کو بنیاد بنایا گیا تھا۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران کانگریس لیڈر مسٹر ریڈی نے مبینہ طور پر اپنی تقریر میں اشارہ دیا تھا کہ اگر بی جے پی انتخابات میں 400 سے زیادہ سیٹیں جیت لیتی ہے تو وہ آئین میں ترمیم کرے گی اور درج فہرست ذات و قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کے ریزرویشن کو ختم کردے گی۔