ملک کی پہاڑی ریاستوں میں مسلسل ہو رہی بارش سے عام زندگی بُری طرح متاثر ہو گئی ہے۔ ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر کی ندیوں سے آ رہے پانی کی وجہ سے پنجاب میں بھی کئی اضلاع میں سیلاب آ گیا ہے۔ ہماچل، جموں و کشمیر اور اتراکھنڈ میں کئی مقامات پر بارش کے سبب ہو رہے لینڈ سلائڈ سے اہم راستے بند پڑ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے منگل کو بھی ان ریاستوں میں شدید بارش کو لے کر الرٹ جاری کیا ہے۔
ہماچل پردیش میں محکمہ موسمیات کے الرٹ کے بعد چمبا انتظامیہ نے فی الحال منی مہیش یاترا ملتوی کر دی ہے۔ منی مہیش یاترا میں ہڈسر سے لے کر ڈل تک تقریباً 800 عقیدت مند پھنسے ہوئے ہیں۔ وہیں یاترا پر گنے پنجاب کے 3 عقیدت مندوں کی آکسیجن کی کمی کی وجہ سے موت ہو گئی ہے۔
کانگڑا ضلع میں پونگ پشتہ کی آبی سطح بڑھ گئی ہے۔ بلاس پور-سوار گھاٹ کے پاس چنڈی گڑھ-منالی این ایچ پر چھڈول میں لینڈ سلائڈ کی زد میں دو گاڑی آئے۔ شدید بارش کی وارننگ کو دیکھتے ہوئے چمبا، کانگڑا، منڈی اور اونا ضلعوں میں منگل کو بھی سبھی اسکول اور آنگن باڑی مراکز بند رہیں گے۔
پیر کو شنکلا درّے، بارالاچا، کھردونگلا و روہتانگ میں برفباری ہوئی ہے۔ منالی-لیہہ راستہ بند ہو گیا ہے۔ بلاس پور ضلع میں کل کیرت پور نیرچوک چورلین پر جگت خانہ میں چنڈی گڑھ سے منالی کی طرف جا رہی لگژری بس پر پتھر گرے، جس سے چار مسافروں کو چوٹیں آئی ہیں۔
جموں و کشمیر میں بھی بارش کا دور جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے دو دن (منگل اور بدھ) دوپہر تک جموں ڈویژن کے آٹھ ضلعوں میں ریڈ الرٹ اور کشمیر کے تین ضلعوں میں الرٹ جاری کیا ہے۔ اس دوران بادل پھٹنے، سیلاب آنے اور لینڈ سلائڈ کا خطرہ ہے۔
موسم کو دیکھتے ہوئے ڈائرکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن نے جموں ڈویژن کے سبھی سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں کو منگل کو بھی بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔
کشمیر میں راجدھان پاس، گلمرگ کے اوپر افربٹ، شری امرناتھ گپھا اور جوجی لا میں برفباری ہوئی ہے۔ جموں-پٹھان کوٹ ہائی وے پر کٹھوا کے سہارے کھڈ پر بنے پُل کی مرمت کرکے آمد و رفت کو بحال کر دیا گیا ہے۔
اتراکھنڈ میں بھی بارش اور لینڈ سلائڈ کے واقعات سے عام زندگی درہم برہم ہو گئی ہے۔ اتوار کی رات زوردار اور پیر کو دن بھر ہلکی بارش ہوئی۔ قومی شاہراہ کو نقصان پہنچنے سے گنگوتری اور یمونوتری کی یاترا ملتوی کر دی گئی ہے جبکہ بدری ناتھ اور کیندار ناتھ دھام کی یاترا بھی مسلسل وقفے پر لینڈ سلائڈ کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہے۔ ریاست کے 90 سے زیادہ رابطہ سڑکوں میں لینڈ سلائڈ سے آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نےدہرہ دون، ٹہری، اُتر کاشی سمیت کئی جلعوں میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
دوسری طرف بھاری بارش سے اودھم پور اور ریاستی اضلاع میں ایک درجن سے زیادہ کچے مکانوں کو نقصان ہوا اور لینڈ سلائڈ سے کئی رابطہ سڑک بند ہو گئے ہیں۔