Jadid Khabar

بارش کے پیش نظر لکھنؤ میں آٹھویں جماعت تک کے اسکول بند

Thumb

لکھنؤ،  08 اگست (یو این آئی) راجدھانی لکھنؤ میں جمعہ کی صبح سے  جاری بارش کے پیش نظر ضلع مجسٹریٹ وشاکھ جی نے    پہلی سے آٹھویں جماعت کے اسکول بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ تاہم حکم نامہ جاری ہونے میں تاخیر کے باعث متعدد اسکولوں کے بچے اپنے والدین کے ساتھ اسکول پہنچ گئے۔ جس کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔  محکمہ موسمیات نے   موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ وشاکھ جی کی طرف سے جاری کردہ حکم میں کہا گیا ہے کہ لکھنؤ میں گزشتہ چند گھنٹوں سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے خراب موسم اور پانی جمع ہونے   پیش نظر، ضلع کے پری پرائمری سے لے کر اب تک کے تمام سرکاری/غیر سرکاری امداد یافتہ/پرائیویٹ اسکولوں میں تدریسی  کام کاج  آج معطل رہے گا۔ 
محکمہ موسمیات نے ریاست کے 37 اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے کے ساتھ ہلکی سے موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ان اضلاع میں سون بھدر، مرزا پور، چندولی، پریاگ راج، سنت روی داس نگر، بنارس، غازی پور، جونپور، بلیا، پرتاپ گڑھ، چترکوٹ، کوشامبی، فتح پور، رائے بریلی، امیٹھی، اعظم گڑھ، مئو، سلطان پور،  امبیڈکر نگر ، اناؤ، لکھنؤ، بارہ بنکی، ہردوئی، سیتا پور، بہرائچ، گونڈا، مہاراج گنج، شراوستی، شاہجہاں پور، لکھیم پور کھیری، بریلی اور  پیلی بھیت  شامل ہیں۔