Jadid Khabar

دیسی مصنوعات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں: یوگی

Thumb

لکھنؤ، 8 اگست (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کے روز دیسی مصنوعات کو اپنانے پر زور دیا اور کہا کہ اگر دیسی مصنوعات کو   زندگی کا  حصہ بنایا جائے تو دنیا کی کوئی طاقت ہندوستان کو نقصان نہیں پہنچا سکے گی۔
کاکوری ٹرین ایکشن صد سالہ تقریبات کے موقع  پر ملک کی آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے مجاہدین آزادی  کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مسٹر یوگی نے نوجوانوں سے حب الوطنی اور دیسی مصنوعات کو اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’سودیشی ہماری زندگی کا مقصد بننا چاہیے، سودیشی  ہماری زندگی کا منتر بننا چاہیے، ہم دیسی مصنوعات کے لیے جئیں گے، ہم اپنے ملک کے لیے مریں گے۔ جب ہندوستان حب الوطنی کے جذبے  کے ساتھ  آگے بڑھے گا، تو دنیا کی کوئی طاقت ہندوستان کو نقصان نہیں پہنچا سکے گی۔ آزادی کا یہ پیغام ہم سب کو اس مقصد کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دے رہا ہے‘‘۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کا معاشی استحکام بھی قوم کی تعمیر سے وابستہ ہے ا۔ جب ہم غیر ملکی مصنوعات خریدتے ہیں تو نہ صرف ہمارا پیسہ بیرون ملک جاتا ہے، بلکہ یہی پیسہ دہشت گردی اور انتہا پسندی میں استعمال ہوتا ہے۔ انہوں نے آنے والے تہواروں (رکشا بندھن، جنم اشٹمی، دسہرہ، دیپاولی، چھٹھ) میں صرف دیسی مصنوعات تحفے میں دینے اور خریدنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم تہواروں کے دوران  دیسی مصنوعات خریدتے ہیں، تو ہمارے دستکار وں اور کاریگروں کو کام مل جاتا ہے۔ یہ رقم ملک کی تعمیر و ترقی میں خرچ ہو گی۔ ہم جو بھی تحفہ  دیں گے یا اپنے گھر کے لیے خریدیں گے، چاہے وہ  تھوڑا مہنگا ہی کیوں نہ ہو، لیکن ہم وہی خریدیں گے جو دیسی ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے اتر پردیش کے ہر باشندے سے اپیل کی کہ وہ 2 اکتوبر کو گاندھی آشرم جائیں اور کھادی خریدنے کا عہد کریں۔