Jadid Khabar

آہریشن سندورسے پاکستان کو سبق سکھایا گیا: کشن ریڈی

Thumb

  حیدرآباد16مئی(یواین آئی)  مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے کہا کہ ’آپریشن سندور‘ کے ذریعہ ہندوستان نے پاکستان کو بھرپور اور مناسب جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے سمتی کی حالت میں پاکستان جھوٹا پروپگنڈہ کر رہا ہے۔ وزیر موصوف نے واضح کیا کہ ’آپریشن سندور‘ فی الحال ایک عارضی کارروائی ہے۔حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ آپریشن سندور نے دہشت گردی کے خلاف ہماری فوج کی جرات مندانہ کارروائیوں کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ   پہلگام میں پاکستان پرست دہشت گردوں نے 26 افراد کو ہلاک کیا تھا، جس کے جواب میں ہماری افواج نے 9 دہشت گرد اڈوں اور پاکستانی فوج کے انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا۔وزیرموصوف نے کہا کہ ہماری فوج کے بہادر جوانوں نے دنیا کو حیرت زدہ کرتے ہوئے مخصوص اہداف کو نشانہ بنا کر تقریباً سو دہشت گردوں کا صفایا کیا اور 11 فضائی اڈوں کو غیرمعمولی انداز میں تباہ کر دیا۔ دفاعی شعبہ میں بنیادی ڈھانچہ کو نمایاں طور پر بہتر بنایا گیا ہے اور گزشتہ دس برسوں میں کی گئی اصلاحات کے نتائج آج دنیا دیکھ رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دفاعی پیداوار کا 35 فیصد حصہ اب ملک کے اندر تیار ہو رہا ہے۔ وزیر موصوف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فوجیوں کے حوصلے کی داد دینے اور ان سے اظہار یکجہتی کے لئے کل سے شروع ہونے والی ریاست گیر ’ترنگا یاترا‘ میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام عوامی نمائندے سیاسی وابستگی سے بالا تر ہوکر اس میں شامل ہوں۔