جیل سے رہائی کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں اعظم خاں نے کہا ہے کہ ”اگر حکومت ان سے اتنی ہی نفرت کرتی ہے تو انھیں خاندان سمیت خودکشی کرنے کی اجازت دے یا پھر انھیں ملک چھوڑنے کی اجازت دی جائے۔ان دونوں ہی میں سے کوئی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔“یہ وہی اعظم خاں ہیں جنھوں نے اس سے پہلے کہا تھا کہ ”اگر اسلام میں خودکشی کی اجازت ہوتی تو وہ اب تک یہ انتہائی قدم اٹھا چکے ہوتے۔“سوال یہ ہے کہ اب ایسا کیا ہوا ہے کہ وہ اپنے پچھلے بیان کے خلاف حکومت سے خودکشی کی اجازت مانگ رہے ہیں۔ حالانکہ اسلام میں آج بھی خودکشی حرام ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت ہاتھ دھوکر ان کے پیچھے پڑی ہوئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی زندگی ختم کرنا چاہتے ہیں۔ اب یہی دیکھئے نا کہ ای ڈی کی قید سے رہاہوئے انھیں ایک دن بھی نہیں گزرا تھا کہ محکمہ انکم ٹیکس نے ان کا حساب کتاب شروع کردیا ہے اوراب جوہر یونیورسٹی کے اکاؤنٹس کی چھان بین کی جارہی ہے۔اس سے قبل ای ڈی نے ان کو ہائی کورٹ سے ملی ضمانت رد کروانے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا لیکن سپریم کورٹ نے ای ڈی کی عرضی خارج کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہائی سے آسمان نہیں ٹوٹ پڑے گا۔
اعظم خاں کے خلاف پے درپے کارروائیوں کو دیکھ کربخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ حکومت انھیں تاعمر جیل میں رکھنا چاہتی ہے۔ ورنہ کیا وجہ ہے کہ ان کی رہائی میں بار بار روڑے اٹکائے گئے۔ حکومت کے اس طرز عمل سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اعظم خاں کوئی خطرناک مجرم ہیں کہ ان کے رہا ہونے سے آسمان ٹوٹ پڑے گا اور بادلوں میں شگاف پڑجائیں گے۔ سبھی جانتے ہیں کہ اعظم خاں ایک سیاست داں ہیں۔وہ سیاست میں کسی کے دست نگر نہیں ہیں۔ ہاں ان کا ایک جرم ضرور ہے کہ انھوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں ایک یونیورسٹی قائم کی ہے جسے حکومت اور اس کی مشنری نیست ونابود کردینا چاہتی ہے۔
اعظم خاں نے درست ہی کہا ہے کہ ان کا سب سے بڑا قصور یہ ہے کہ انھوں نے شکشا کا مندر بنوایا اور بچوں کے لیے اسکول کھلوائے۔ شاید حکومت انھیں اسی جرم کی سزا دینا چاہتی ہے اور اس سزا کا دورانیہ اتنا بڑھا دینا چاہتی ہے کہ مستقبل میں کوئی اورمسلم لیڈر اپنی قوم کی جہالت دور کرنے کے لیے ایسا کوئی کام کرنے کی جرات نہ کرسکے۔آپ اعظم خاں کی شعلہ مزاجی اور ان کے طریقہ کار سے اختلات کرسکتے ہیں۔ آپ کو ان کے لب ولہجے پر تنقید کرنے کا بھی اختیار حاصل ہے۔آپ کو ان کی سیاست سے بھی اختلاف ہوسکتا ہے، لیکن کوئی بھی ان کے اس کارنامے کو جھٹلانہیں سکتا جو انھوں نے رامپور جیسے پسماندہ ضلع میں ایک یونیورسٹی قائم کرکے انجام دیا ہے۔ اس یونیورسٹی کو ملیا میٹ کرنے کے لیے حکومت نے اب تک جتنے جتن کئے ہیں وہ سب پر عیاں ہیں۔ نہ صرف یہ کہ یونیورسٹی کی عمارتوں کو ناجائز تعمیرات قرار دے کر زمیں بوس کرنے کی کوشش کی گئی بلکہ یہاں تعلیم وتدریس کا سلسلہ ختم کرنے کے لیے بھی کئی داؤ چلے گئے۔ یہاں تک کہ آخر میں ای ڈی نے اس یونیورسٹی کی عمارتوں کو بحق سرکار قرق بھی کرلیا۔ شاید ہی ملک میں کسی دانش گاہ کے خلاف ایسی شرانگیز کارروائیاں انجام دی گئی ہوں اور اس کے بانی پر سرکاری عتاب کی انوکھی کہانی نہ لکھی گئی ہو۔یہی وجہ ہے کہ اعظم خاں گزشتہ کئی سال سے مسلسل قید وبند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں اور انھیں یکے بعد دیگرے کسی نہ کسی مقدمہ میں گرفتار کیا جارہا ہے۔ جب بھی ان کی رہائی ہوتی ہے تو انھیں کسی دوسرے مقدمے میں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔
گزشتہ منگل کا دن اعظم خاں کے لیے بڑی راحتوں کا دن تھا۔ ایک طرف جہاں سپریم کورٹ نے انھیں جعلی پیدائشی سرٹیفیکٹ معاملے میں بری کئے جانے کے عدالت عالیہ کے فیصلے کو برقرار رکھا تو وہیں دوسری طرف ہائی کورٹ نے انھیں جوہر یونیورسٹی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت دے دی۔ اب پورے ایک سال بعدجب وہ جیل سے رہا ہو نے لگے تو ای ڈی ان کی ضمانت رد کرانے کے لیے سپریم کورٹ پہنچ گئی ۔ اس سے قبل انھیں 31/اکتوبر کو رامپور جیل سے رہا ہونے کے بعد ای ڈی نے جیل کے دروازے پر ہی گرفتار کرلیا تھا۔ یہ شاید پہلا موقع تھا کہ کسی ملزم کو رہائی کے فوری بعد ہی دوبارہ گرفتار کیا گیا ہو۔ ہائی کورٹ نے ای ڈی کے اس طریقہ کار کی مذمت کی ہے۔ای ڈی ان کے خلاف جو ہر یونیورسٹی سے وابستہ426/کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کے کیس میں تحقیقات کررہی ہے۔ اسی کیس کی بنیاد پر یونیورسٹی کی جائیدادوں کو اٹیچ کرلیا گیا ہے۔ قبل ازیں رامپور انتظامیہ نے یونیورسٹی کی عمارتوں کے نقشے پاس نہ ہونے کی پاداش میں ان عمارتوں کے انہدام کا حکم دیا تھا جس پر کافی ہنگامہ آرائی بھی ہوئی تھی۔
قابل غور بات یہ ہے کہ نہ صرف اعظم خاں کی تعمیرکرائی ہوئی مولانا محمدعلی جوہر یونیورسٹی حکومت کے نشانے پر ہے بلکہ خود اعظم خاں بھی مسلسل صوبائی اور مرکزی حکومت کا سب سے بڑا نشانہ ہیں۔یہ سب کچھ انتقامی سیاست کی وجہ سے ہورہا ہے۔ رامپور میں ان کے خلاف 100سے زائد مقدمات درج ہیں اور چاروں طرف سے ان کی ناکہ بندی کرلی گئی ہے۔ اس عرصے میں اعظم خاں کے خلاف انتقامی سیاست کے تحت جو کارروائیاں انجام دی گئی ہیں، ان کا مقابلہ اعظم خاں نے بڑی ثابت قدمی کے ساتھ کیا ہے۔ ان کی جگہ کوئی اور ہوتا تو نہ جانے کب کا ڈھیر ہوگیا ہوتا۔ اعظم خاں ایک مضبوط اعصاب کے انسان ہیں، اس لیے انھوں نے حکومت اور اس کی مشنری کے ہر ظلم کا ہمت کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔لیکن اب جبکہ انھوں نے خاندان سمیت حکومت سے خودکشی کرنے یا ملک چھوڑنے کی اجازت مانگی ہے تو صورتحال بدل گئی ہے۔
اگر آپ اعظم خاں کی قید کا حساب لگائیں تو وہ مجموعی طورپر پانچ سال سے جیل میں تھے۔ درمیان میں کچھ عرصے کے لیے رہا ضرور ہوئے لیکن انھیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ جیل سے اعظم خاں کا پرانا رشتہ ہے۔ وہ طالب علمی کے زمانے سے ہی اس راہ سے گزر چکے ہیں۔ 1975 میں ایمرجنسی کے دوران جب وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طالب علم اور طلبہ یونین کے سیکریٹری تھے تو ان کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔ انھوں نے ایمرجنسی کا پورا عرصہ یعنی 18مہینے بنارس کی جیل میں گزارا۔ اس کے بعد رامپور سے اسمبلی کا الیکشن لڑا اور کامیاب ہوئے۔ وہ مجموعی طورپر دس مرتبہ رامپور سے ممبر اسمبلی رہ چکے ہیں۔ ایوان بالا راجیہ سبھا کے علاوہ لوک سبھا کے ممبر بھی رہے اور اترپردیش کابینہ میں چار بار طاقتور وزیر بھی رہے۔وہ سماجوادی پارٹی کے بانی لیڈر ہیں۔ ان کا سیاسی کیریر خاصا متاثر کن رہا ہے، لیکن جب سے اترپردیش میں بی جے پی سرکار آئی ہیتب سے ان کے خلاف مسلسل سازشیں رچی گئی ہیں۔
المیہ یہ ہے کہ یوپی میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد جن مسلم لیڈروں کو ٹھکانے لگا یا گیا ہے، ان میں ایک توانا آواز اعظم خاں کی تھی جنھیں پابند سلاسل کرنے کے لیے مختلف حربے استعمال کئے گئے اور ان کی عوامی بنیادوں کو ختم کرنے کی کوششیں کی گئیں۔ یہاں تک کہ اترپردیش میں سب سے زیادہ مسلم آبادی والے حلقہ رامپور میں بی جے پی کا ایم ایل اے بنوایا گیا۔ مسلمانوں کو ووٹ ہی نہیں ڈالنے دیا گیا۔رامپور سے بی جے پی کے موجودہ ممبر اسمبلی آکاش سکسینہ نے اعظم خاں کے خلاف مقدمات قائم کرانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس معاملے میں رامپور میں موجود اعظم خاں کے سیاسی اور ذاتی مخالفین نے اہم کردار ادا کیا۔ اس میں مرادآباد کے کمشنر انجنے کمار سنگھ کی ’بھومیکا‘ بھی کچھ کم نہیں رہی جو کمشنر بننے سے پہلے رامپور کے ڈی ایم تھے۔ سکم کیڈر کے آئی اے ایس آفیسر انجنے کمار سنگھ اگرچہ اب دہلی کے سکم ہاؤس میں اسپیشل آفیسر بنائے گئے، لیکن حال ہی میں جب یہ انکشاف ہوا کہ انھوں نے رامپور کی ایک سرکاری زمین جس کی قیمت چالیس کروڑ روپے ہے، ایک تاجر کے نام کردی ہے تو لوگوں نے دانتوں تلے انگلیاں دبالیں۔اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اعظم خاں کی ’بے ایمانیوں‘ کا حساب کتاب کرنے والے لوگ خود کتنے ’ایماندار‘ہیں۔