کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اسرائیل کی جن عرب پارٹیوں کو ٹھکانے لگانے کی سازشیں ہورہی تھیں وہی اب انتخابی نتائج میں بادشاہ گر کے طورپر ابھر کرسامنے آئی ہیں۔120/رکنی پارلیمنٹ کے الیکشن میں وزیراعظم نتن یاہو نے اکثریت کھودی ہے۔ان کے اتحاد کوجو 53/سیٹیں ملی ہیں، ان میں سے بھی سات سیٹوں والی یو ٹی جے پارٹی نے نتن یاہو کو چھوڑ کر اپوزیشن اتحاد کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح یوٹی جے کے سات ارکان کے کم ہونے سے نتن یاہو کے اتحاد کی سیٹیں 46 ہی رہ جائیں گی جبکہ اپوزیشن رہنما آئزن کوٹ کے پاس 55سیٹیں ہوجائیں گی۔ قوی امکان یہ ہے کہ اپوزیشن رہنما آئزن کو ٹ 19/ارکان والے عرب اتحاد کی حمایت سے حکومت تشکیل دیں گے۔ حکومت سازی کے لیے کسی بھی اتحاد کے پاس61سیٹیں ہونی ضروری ہیں اور اس شرط کو نتن یاہوکسی بھی طورپورا کرتے ہوئے نظر نہیں آرہے ہیں۔
نتن یاہو اتحاد کے اکثریت سے محروم ہونے کے بعد اب اقتدار کی کنجی اسرائیل میں آباد ان عرب باشندوں کے ہاتھ میں آگئی ہے، جنھیں موجودہ حکومت ”ریاست کی یہودی شناخت کے لیے خطرہ“ قرار دیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سب کی توجہ عرب جماعتوں پر مرکوز ہوگئی ہے، جن کی نشستوں کی تعداد 10/ سے بڑھ کر 19/ہوگئی ہے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اسرائیل کی عرب اقلیت حکومت سازی میں کنگ میکر کا کردار ادا کرسکتی ہے۔یہ اشارے مل رہے ہیں کہ نتن یاہو کے اہم ترین حریف اور سابق فوجی سربراہ گادی آئزن کوٹ کے لیے اسرائیل کی عرب جماعتوں کے بغیر اکثریت حاصل کرنا مشکل ہوگا۔ انتخابی مہم کے دوران زیادہ تر یہودی اپوزیشن جماعتوں نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ وہ عرب اکثریتی جماعتوں کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گی، لیکن حالات نے ایسی کروٹ بدلی ہے کہ اب اقتدار کی کنجی ان ہی عرب جماعتوں کے ہاتھ میں آگئی ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ عرب اسرائیلی جو خودکو اسرائیل کے فلسطینی شہری قرار دیتے ہیں اور ملک کی آبادی کا پانچوں حصہ ہیں، الیکشن کے دوران غیر معمولی تعداد میں ووٹ ڈالتے دکھائی دئیے۔ نتن یاہو نے خواب میں بھی نہیں سوچا ہوگا کہ اسرائیل کے جن عرب باشندوں کو صفحہ ہستی مٹانے کی سازشیں کرتے رہے ہیں وہ ایک دن اسرائیل میں طاقت کا توازن بن جائیں گے۔ انتخابات سے پہلے ہی رائے عامہ کے جائزوں میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اسرائیل کی عرب جماعتیں طاقت کے توازن میں ایک اہم اور فیصلہ کن حیثیت اختیار کرسکتی ہیں۔نتن یاہو سرکار کے بارے میں اسرائیلی عربوں کا کہنا تھا کہ”اس انتہا پسندسرکار کو گرانا ہماری ترجیح ہے جو ہمارے ساتھ دوئم درجے کے شہریوں جیسا سلوک کرتی ہے۔“
حالیہ انتخابی نتائج نے یہ ثابت کردیا ہے کہ نہ تو نتن یاہو اور نہ ہی ان کے حریف گادی آئزن کوٹ کی قیادت والے ’تبدیلی بلاک‘ کے پاس اکثریت حاصل کرنے کا کوئی واضح راستہ ہے۔ اب نتن یاہو مخالف جماعتوں کو یاتو اپنے وعدے سے انحراف کرنا ہو گا کہ وہ نتن یاہو کے ساتھ کام نہیں کریں گے یا عرب اکثریتی جماعتوں کے ساتھ معاہدہ کرنا ہوگا۔عرب اسرائلیوں کی اکثریت ان فلسطینیوں کی نسل سے تعلق رکھتی ہے جو 1948کی جنگ کے دوران اپنے علاقوں میں رہ گئے تھے جبکہ لاکھوں فلسطینی بے گھر ہوئے اور نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔اسرائیل کی موجودہ حکومت انھیں ریاست کی یہودی شناخت کے لیے خطرہ قرار دیتی ہے۔ حال ہی میں وزیراعظم نتن یاہو نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ان کے حریف عرب جماعتوں سے مل کر ’خطرناک حکومت‘ تشکیل دینا چاہتے ہیں۔نتن یاہو کا یہ بھی الزام ہے کہ ان کے ووٹ چوری ہوگئے ہیں۔
گزشتہ دودہائیوں کے درمیان یہ پہلا موقع ہے کہ تقریباً 77 فیصد رائے دہندگان نے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔ اس انتخاب کو جیتنے کے لیے نتن یاہو نے اپنے تمام گھوڑے کھول دئیے تھے، لیکن اس کے باوجود انھیں اکثریت نہیں ملی۔ووٹ ڈالنے کے بعد ایک اسرائیلی باشندے نے کہا کہ اسرائیل کو تبدیلی کی ضرورت ہے۔ ہمارا ملک نازک دور سے گزررہا ہے۔ ڈھائی لاکھ اچھے لوگ اسرائیل چھوڑ کر چلے گئے ہیں، کیونکہ ان بیس برسوں میں ہم نے جمہوریت کھودی ہے، قانون کھودیا ہے، ایک دوسرے کا احترام کھودیا ہے اور یکجہتی بھی کھودی ہے۔“
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس الیکشن سے پہلے نتن یاہو کی جارحانہ پالیسیوں کے خلاف اسرائیل کی سڑکوں پر جو مظاہرے دیکھنے کو ملے، ان کی کو ئی نظیر اسرائیل کی تاریخ میں نہیں ملتی۔تل ابیب کی سڑکوں پر لاکھوں مظاہرین نتن یاہو کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے نظر آئے۔ مظاہرین کا سب سے بڑا مطالبہ یہ ہے کہ7/اکتوبر2023 کو ہوئے حماس کے حملوں اور اس سے پہلے ہوئی حفاظتی لاپروائی کی جانچ اور ذمہ دارلوگوں کی جواب دہی طے کی جائے۔ اس حملے میں تقریبا 1200/اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے اور 250سے زیادہ کو یرغمال بنالیا گیا تھا۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ اس کی تحقیقات ایک آزاد جانچ کمیشن سے کرائی جائے۔
بلاشبہ حماس کے اس حملے نے اسرائیل کی چولیں ہلادی تھیں اور اس کے’فول پروف‘ حفاظتی بندوبست کو مٹی میں ملادیا تھا۔ حالانکہ اس کے بعد اسرائیل نے غزہ میں جو قہر ڈھایا اس کے نتیجے میں کم وبیش 75000 شہادتیں ہوئیں جن میں اکثریت معصوم بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کی تھی۔ غزہ کی اینٹ سے اینٹ بجادی گئی اور ظلم وبربریت کی ایسی وحشیانہ داستان رقم ہوئی کہ حالیہ انسانی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ خود صحیح سوچ رکھنے والے یہودیوں نے بھی اس کی مذمت کی اور نتن یاہو کو کٹہرے میں کھڑا کیا۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ الیکشن نتن یاہو کے خلاف ایک ریفرنڈ م کے طورپر بھی دیکھا گیا۔
نتن یاہو گزشتہ19/سال سے اسرائیل میں برسراقتدار ہیں۔ ان کا براہ راست مقابلہ اپوزیشن رہنما گودی آئرن کوٹ سے تھا، جو یشار کے سربراہ اور اسرائیلی فوج کے سابق چیف آف اسٹاف ہیں۔ آئرن کوٹ نتن یاہو کی خارجہ پالیسی کے سخت نکتہ چیں ہیں اور انھوں نے انتخابی مہم کے دوران نتن یاہو کی جنگی حکمت عملی اور طویل عرصے سے جاری فوجی کارروائیوں پر بھی سوال اٹھائے۔آئرن کوٹ اس سے قبل یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ تین سالہ جنگ کے بعد نتن یاہو ایران مخالف کسی نئی فوجی کارروائی کی قیادت کے اہل نہیں ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ اسرائیل کے موجودہ مسائل کا حل مزید جنگ کی بجائے ایک مختلف سیاسی اور سلامتی حکمت عملی میں پوشیدہ ہے۔
اس میں کوئی شبہ نہیں کہ اسرائیل گزشتہ تین سال سے حالت جنگ میں ہے اور نتن یاہو نے اپنی جارحانہ اور ظالمانہ حکمت عملی سے اسرائیل کو ایک غیر محفوظ ملک میں تبدیل کردیا ہے۔ غزہ میں تباہی مچانے کے بعد اس کا اگلا نشانہ ایران بنا جہاں وہ امریکی صدر ٹرمپ کی مدد سے فوجی کارروائیوں میں شامل رہا ہے۔ ان کا رروائیوں کا اصل مقصد ایران کو نیوکلیر صلاحیت سے محروم کرنا ہے تاکہ خطہ میں صرف اسرائیل ہی جوہری ہتھیاروں سے لیس ہو اور کوئی دیگر ملک اس کا خواب بھی نہ دیکھ سکے۔ یہی وجہ ہے کہ ایران کے جوہری مراکز پر خطرناک حملے کئے گئے، لیکن ابھی تک اسرائیل اور امریکہ ایران کواپنا جوہری پروگرام ترک کرنے پر رضا مند نہیں کرسکے ہیں۔ ایران کے خلاف حملے اگرچہ ابھی رکے ہوئے ہیں لیکن مستقبل قریب میں جارحیت کی تیاری کی جارہی ہے ۔ اہم بات یہ ہے کہ اسرائیل اس وقت سفارتی سطح پر دنیا میں الگ تھلگ پڑ چکا ہے اور کئی ملکوں نے اس کے ساتھ سفارتی رشتے توڑ لیے ہیں، لیکن اس کے باوجود نتن یاہو کے جارحانہ عزائم میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔اسرائیل کے انتخابی نتائج میں نتن یاہو کے اتحاد کو اکثریت نہ ملنے کا مطلب یہی ہے کہ عوام ان کی جارحانہ پالیسیوں سے عاجز آچکے ہیں اور وہ تبدیلی کی آس لگائے بیٹھے ہیں۔پہلی بار بادشاہ گر کی صورت میں ابھرنے والی عرب پارٹیاں اقتدار کی تبدیلی کے لیے اپوزیشن اتحاد کے حق میں ہیں۔