واشنگٹن، 22 اپریل (یو این آئی) امریکہ کے اورلینڈو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ڈیلٹا ایئر لائنز کے ایک ایئربس اے 330 میں آگ لگ گئی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
فوکس35 براڈکاسٹر نے فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی (ایف اے اے) کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ پیر کو طیارے کے اندر پھنسے 200 سے زائد افراد کو نکال لیا گیا۔
ایف اے اے کے اعداد و شمار کے مطابق ایئربس اے 330 282 مسافروں، 10 فلائٹ اٹینڈنٹ اور دو پائلٹوں کے ساتھ اورلینڈو سے اٹلانٹا کے لیے اڑان بھرنے کی تیاری کر رہی تھی۔ جیسے ہی طیارہ پرواز کرنے لگا، لوگوں نے انجن کی ٹیل پائپ میں آگ کے شعلے دیکھے۔
فوکس35 نے رپورٹ کیا کہ انخلاء کے بعد تمام مسافروں کو واپس ٹرمینل پر لے جایا گیا۔
نشریاتی ادارے نے واقعے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔ مسافر ہنگامی سلائیڈز کے ذریعے طیارے سے باہر نکل رہے تھے اسی دوران فائر فائٹرز پہنچے اور آگ بجھانا شروع کر دی۔ فوکس35 نے رپورٹ کیا کہ اس واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
واقعہ کی وجہ کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ فوکس 35 نے ڈیلٹا ایئر لائنز کے حوالے سے بتایا کہ دیکھ بھال کرنے والی ٹیمیں آگ لگنے کی وجہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہیں۔