یو پی ایس سی سول سروس امتحان کے نتائج کے اعلان کے بعد یکساں نام ہونے کی وجہ سے ایسا کنفیوژن پیدا ہو گیا کہ خوشی کا ماحول غم میں تبدیل ہو گیا۔ دراصل بلند شہر کی شیکھا نے فہرست میں صرف نام دیکھ کر جشن منانا شروع کر دیا تھا۔ پھر اچانک شیکھا اور اس کے اہل خانہ کا خواب چکنا چور ہو گیا، جب پتہ چلا کہ اس نے رزلٹ دیکھنے میں غلطی کر دی تھی۔ جلدبازی میں شیکھا نے صرف اپنا نام دیکھا تھا لیکن رول نمبر چیک کرنا بھول گئی تھی، جو اس کا نہیں تھا۔ اصل میں جو شیکھا آئی اے ایس بنی وہ ہریانہ کی رہنے والی تھی۔
واضح رہے کہ 113 ویں رینک پر جس اصل شیکھا کا نام آیا ہے وہ بنیادی طور پور دہلی کی رہنے والی ہے۔ فی الحال وہ ہریانہ میں بی ڈی او یعنی بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کے عہدہ پر فائز ہیں۔ بلند شہر کی شیکھا کے اہل خانہ نے روہتک (ہریانہ) کی شیکھا کو فون کر افسوس کا اظہار کیا۔ یہی نہیں بلند شہر کی شیکھا نے میڈیا کے سامنے آ کر بھی سچ قبول کر لی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اصل میں روہتک کی شیکھا نے 113ویں رینک حاصل کی ہے۔ نام کو لے کر کنفیوژن ہو گیا تھا کیونکہ ہم دونوں کے نام ایک جیسے ہیں
نیوز ایجنسی ’اے این آئی‘ سے بات کرتے ہوئے شیکھا نے کہا کہ ’’مجھ سے غلطی ہو گئی۔ وہ دوسری شیکھا ہیں جن کا انتخاب ہوا ہے۔ ان کا نام بھی شیکھا ہے اور میرا بھی۔ میں نے رزلٹ کی پی ڈی ایف میں صرف نام ہی چیک کیا تھا اور یہی مجھ سے غلطی ہو گئی۔ مجھے نام کے ساتھ رول نمبر بھی چیک کرنا چاہیے تھا۔‘‘