Jadid Khabar

فرانس کو شکست دے کر یورو کپ کے فائنل میں پہنچا اسپین، 16 سالہ لامین یمل نے قائم کیا ریکارڈ

Thumb

میونخ: جرمن شہر میونخ میں کھیلے گئے یورو کپ کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین اور فرانس کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا اور اسپین نے فرانس کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ فرانس نے میچ کے آٹھویں منٹ میں گول کر کے اسپین کے خلاف برتری حاصل کی۔ فرانس کی جانب سے رنڈال کولو نے گول اسکور کیا۔ لیکن فرانس کی برتری زیادہ دیر نہیں رہی، اسپینش ٹیم کے 16 سالہ لامین یمل نے میچ کے 21 ویں منٹ میں شاندار گول کر کے اسکور ایک ایک سے برابر کر دیا۔

لامین یمل یورو کپ کی تاریخ میں گول اسکور کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔ یورپی چیمپیئن شپ میں اس سے پہلے سب سے کم عمر اسکورر سوئس کھلاڑی یوہان وونلانتھن تھے جنہوں نے 2004 کے یورو کپ میں 18 سال کی عمر میں فرانس کے خلاف گول کیا تھا۔
میچ کے ایک ایک سے برابر ہونے کے بعد اسپین نے فرانس کے خلاف دوبارہ اٹیک کیا اور میچ کے 25 ویں منٹ میں ڈینیئل اولمو نے شاندار گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی جو میچ کے مقررہ وقت تک برقرار رہی۔
یوں اسپین نے فرانس کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر یورو کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ انگلینڈ اور ہالینڈ کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کے بعد ہوگا۔