Jadid Khabar

اسرائیلی وزیر اعظم نے عالمی دباؤ مسترد کردیا

  • 18 Apr 2024
Thumb

تل  ابیب،  18 اپريل  (یو این آئی) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کے  ساتھ سخت ترین کشیدگی میں تحمل سے کام لینے سے متعلق عالمی دباؤ مسترد کر  دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کا  اسرائیلی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہوں نے برطانوی اور جرمن  وزرائے خارجہ سے ملاقاتوں میں واضح کر دیا ہے کہ اسرائیل اپنے دفاع کیلئے  جو ضروری ہوگا وہ کرے گا، دوستوں کی قابل قدر تجاویز اپنی جگہ لیکن اسرائیل  اپنے فیصلے خود کرے گا۔
جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیئربوک نے اس حوالے  سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے تمام فریقین کو ہوشیاری اور ذمہ داری کا  مظاہرہ کرنا چاہیے، مشرق وسطیٰ غیر متوقع صورتحال میں جانے کا متحمل نہیں  ہوسکتا۔
برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ کیمرون کا اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات  کے بعد کہنا تھا کہ اسرائیل نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ ایران کو اس کے حملے  کا جواب دے گا۔
واضح رہے کہ دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی  حملے کے جواب میں ایران نے ہفتے کی شب اسرائیل پر 300 سے زائد میزائل اور  ڈرونز کی برسات کردی تھی۔