Jadid Khabar

یوروپ میں لاکھوں لوگ پیتے ہیں آلودہ پانی: ڈبلیو ایچ او

Thumb

بون (جرمنی)، 21 مارچ (یواین آئی) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق یوروپ میں لاکھوں لوگ آلودہ پانی پیتے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے اعداد و شمار کے مطابق ناکافی حفظان صحت اور آلودہ پانی کی وجہ سے روزانہ 14 افراد کی ہیضہ کی وجہ سے موت ہو جاتی ہے ۔ڈبلیو ایچ او نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ یوروپ کے بالخصوص دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو گھروں میں پینے کا صاف اور محفوظ پانی دستیاب نہیں ہے ۔یوروپ میں پانچ کروڑ 70 لاکھ لوگوں کے گھروں میں پائپ کے ذریعے دستیاب ہونے والے پانی کی سہولت نہیں ہے ۔ اس کے علاوہ دو کروڑ 10 لاکھ لوگوں کو ابھی تک بنیادی پینے کے پانی کی سہولت بھی نہیں ہے ۔اس کی وجہ سے لوگ غیر محفوظ کنوئیں کے علاوہ جھرنوں سے پانی لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ لوگ زیرزمین پانی کا بھی استعمال کرتے ہیں، یا انہیں پانی لینے کے لیے کافی دور بھی جانا پڑتا ہے ۔ یوروپ میں پینے کے پانی کی بنیادی سہولت سے محروم تین چوتھائی لوگ دیہی علاقوں میں رہتے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے پینے کے پانی کے معیار کو لے کر صحت کی دیکھ بھال کے سلسلہ میں ہدایات جاری کئے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او جرمنی کے ے بون شہر میں واقع یوروپی سینٹر فار انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ (ي سي اي ایچ) کے ذریعے یوروپی ممالک میں ان ہدایات پر عمل کرانے کا کام کرتا ہے ۔