Jadid Khabar

میں اور بگھیل دونوں او بی سی ہیں اور کانگریس نے ہمیں وزیراعلیٰ بنایا: اشوک گہلوت

Thumb

نئی دہلی: کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کو ہتک عزت کے ایک مقدمے میں مجرم ٹھہرائے جانے اور پارلیمنٹ سے نااہل قرار دیئے جانے کے بعد بی جے پی کی او بی سی پچ کا مقابلہ کرتے ہوئے، راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے اتوار کو زور دے کر کہا کہ ان کا تعلق بھی او بی سی برادری سے ہے اور وہ تین بار وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے وزرائے اعلیٰ میں وہ اور ان کے چھتیس گڑھ کے ہم منصب بھوپیش بگھیل کا تعلق بھی او بی سی برادری سے ہے۔
اشوک گہلوت نے راج گھاٹ پر منعقد کانگریس کے 'سنکلپ ستیہ گرہ' پروگرام میں کہا کہ میں مالی سینی برادری سے تعلق رکھتا ہوں اور اسمبلی میں صرف ایک ایم ایل اے (اس برادری سے) ہے اور وہ میں خود ہوں، لیکن میں ریاست میں تیسری بار وزیر اعلیٰ بنا ہوں۔ انہوں نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے  کہ اسے لوگوں کو بتانا چاہئے کہ نیرو مودی، للت مودی اور میہول چوکسی کیا او بی سی کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔
راہل گاندھی کو جب سے گجرات کی ایک عدالت نے ان کے اس ریمارک پر مجرمانہ ہتک عزت کا قصوروار ٹھہرایا کہ مودی کنیت والے سبھی چور ہیں، بی جے پی راہل گاندھی پر او بی سی برادری کی توہین کا الزام لگا رہی ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے اپنے خطاب میں وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے انہیں 'بزدل' قرار دیا اور یہ بھی کہا کہ وہ 'ایک آدمی کو بچانے کے لیے اقتدار کے پیچھے چھپ رہے ہیں'۔